بنگلادیش میں دھماکے سے 7 افراد ہلاک، 100 سے زائد زخمی

231

ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں جبکہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق دھماکہ ڈھاکہ کے موغ بازار ایریا میں ہوا، پولیس کمشنر شفیق الاسلام کا کہنا تھاکہ دھماکہ گیس سلنڈر پھٹنے سے ہوا ہے، دہشت گردی کے شواہد نہیں ملے۔

پولیس کے مطابق  3 منزلہ عمارت کی پہلی منزل پر دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور امدادی اہلکاروں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ڈھاکہ میٹروپولیٹن پولیس کمشنر کا کہناہےکہ کئی بسیں جو دھماکے کے وقت عمارت کے باہر ٹریفک جام میں پھنس گئی تھیں انہیں بھی دھماکے کی وجہ سے کافی نقصان پہنچا ہے جبکہ قریبی عمارتوں کے بھی شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔

بنگلہ دیش فائر سروس اور سول ڈیفنس ڈپارٹمنٹ کے سربراہ سجاد حسین نے کہا ہےکہ کھانا پکانے والی گیس کا اخراج آگ لگنے کی وجہ ہوسکتی ہے جبکہ اس ہلاکت خیز واقعے کے اصل اسباب کا پتہ لگانے کے لیے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

دھماکے کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ آس پاس کی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے تاہم ابھی تک دھماکے کی وجہ سامنے نہیں آسکی ہے اور اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

واضح رہے پولیس کمشنر کا کہناہےکہ واقعے کی دوسرے پہلؤوں سے بھی تحقیقات جاری ہیں، دھماکہ اتنا شدید تھا کہ قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ تین بسیں جل گئیں۔