حکمران یوم خندق کو یوم مزدور کی حیثیت سے منائیں ، شمس سواتی

108

۔19جون کو شمس الرحمن سواتی صدر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کی ہدایت کے مطابق 8 ذیقعد کو پورے ملک میں یوم خندق کو عظمت مزدور کے دن کے طور پر منایا گیا۔کراچی، لاہور، ملتان، حیدر آباد، راولپنڈی،فیصل آباد، سیالکوٹ، بلوچستان (دکی) گوجرانوالہ،ڈی آئی خان میں 8 ذیقعد یوم مزدور کے پروگرامات کا انعقاد کیا گیا۔ ریلوے پریم یونین CBA نے لاہور ہیڈکواٹر اور پاسبان ایرگیشن ایمپلائز یونین نے بھکر میں پروگرام کا انعقاد کیا اور کثیر تعداد میں افراد نے شرکت کی ۔پروگرام میں رسولؐکی عملی زندگی اسلامی نظام کی افادیت اور اسلام اور محنت کش کے مقام پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
لاہور میں نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ شمس الرحمن سواتی نے گجرات، گوجرانوالہ اورلاہور کے پروگرامات میں خود شرکت کی اور اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوم خندق مزدور کی عظمت کا دن ہے اس دن رسولؐ نے اپنے دست مبارک سے خندق کھودی تھی اور انسانیت ،مظلوموں اور پسے ہوئے مزدوروں کے لیے اسلامی نظام کو مستحکم کیا تھا جس سے دنیا میں عدل و انصاف قائم ہوا، ہر گھر خوشحالی سے معمور ہوا، ظلم اور غلامی کی تمام شکلیں مٹائی گئی۔اس سلسلے میں سینیٹ آف پاکستان نے نیشنل لیبر فیڈریشن بلوچستان کے صدر اور اس وقت کے سینیٹر عبدالرحیم میرداد خیل کی قرارداد بھی اتفاق رائے سے منظور کی تھی کہ یوم خندق کو محنت کی عظمت کے دن کے طور پر منایا جائے۔لیکن حکمرانوں نے اس پر عمل نہیں کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ یوم خندق کو مزدور کی عظمت کے دن کے طور پر یوم مزدور منایا جائے۔اس پروگرام میں سے نیشنل لیبر فیڈریشن پنجاب وسطی کے صدر محمد امین منہاس لاہور کے صدر ملک محمد عدنان، میاں بابر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
گوجرانوالہ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ موجودہ نظام میں مزدور بد حالی کا شکار ہے۔ تعلیم، صحت، علاج معالجہ کا کوئی نظام نہیں۔ پروگرام سے رانا عبدالجبار، ناصر کامران،راشد امین اور میاں اکبر نے بھی خطاب کیا۔ آل پاکستان بلدیات اینڈ اسٹاف ورکرز فیڈریشن کا خصوصی اجلاس گجرات میں منعقد ہوا۔جس میںشمس الرحمن سواتی نے خصوصی شرکت کی۔
اجلاس میں گل نواز خان ، محمد امین منہاس، محمد احمد ،سید فریاد حسین شاہ،ملک محمد وارث، چوہدری احسان اللہ وڑائچ اور راقم الحروف نے شرکت کی۔مقررین نے اپنے خطاب کیا کہ یوم مئی صرف سوشلسٹ معاشرے کے قیام کا پیغام ہے حالانکہ وہ الگ معاشرہ ہے جس میں مزدوروں اور کسانوں پر ان کی اپنی حکومت کے نام پر استحصال ہوتا ہے۔یوم خندق کا اصل پیغام ایک ایسے معاشرے کا قیام ہے جس میں مراعات یافتہ گروہوں کے پیدا ہونے کے امکانات کو ختم کردیا جائے جو سرکاری خزانے اور وسائل کو اپنے پاس لوگوں کی امانتیں سمجھے ا ور انہیں اللہ کے سامنے جوابدہی کے تصور سے اس طرح استعمال کرے جیسے نبی اکرمؐ نے انہیں استعمال کرنے کی تعلیم دی ہے اور جس طرح خلفائے راشدین نے انہیں استعمال کر کے بتلایا تھا۔
نیشنل لیبر فیڈریشن حیدرآباد زون کے زیر اہتمام یوم خندق کا پروگرام گول بلڈنگ میں ہوا کثیر تعداد میں مزدوروں نے اس پروگرام میں شرکت کی۔ شکیل احمد شیخ (جنرل سیکرٹری این ایل ایف سندھ) عبدالجبار قریشی، اعجاز حسین، احسن شیخ اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ اس موقع پرصوبائی سیکرٹری جنرل نیشنل لیبر فیڈریشن صوبہ سندھ شیخ احمد شکیل نے کہا کہ یوم مئی سرمایہ داری اور سوشل ازم کا گٹھ جوڑ ہے۔ محنت کش کو سرمایہ داری اور سوشلزم کے چنگل میں ڈالنا محنت کش کے ساتھ بڑا ظلم ہے یہ دونوں نظام باہمی گٹھ جوڑ سے محنت کش کا استحصال کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید مزدور مسائل پر روشنی ڈالی۔عبد الجبار قریشی نے کہا اللہ کے نبیؐ نے خو د کدال کو اپنے دست مبارک سے چلا کر صحابہ کرام ؓ نے ساتھ خندق کھودی اور اسطرح عملی محنت کر کے محنت کی عظمت کا و ہ اعترام کیا جس کو کبھی نہیں بھلایا جا سکتا۔ اعجاز حسین نے کہا کہ نیشنل لیبر فیڈریشن پورے ملک میں مزدور مسائل کے سرگرم عمل ہے۔
نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے تحت ادارہ نور حق میں 8 ذیقعد یوم خندق کے موقع پر تقریب منعقد ہوئی جس میں زاہد عسکری ،خالد
خان، قاسم جمال ، محمد خالق ،رضوان علی، محمد سلیم، اسرار سواتی، امیر رضوان نے خطاب کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی سابق سیکرٹری جنرل نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان زاہد عسکری نے کہا کہ این ایل ایف ایک عرصہ سے یوم خندق منارہی ہے ،غزوہ خندق کے دوران نبی اکرم ؐ اور صحابہ کرام ؓ کی تاریخی جدوجہد اور قربانی و ایثار کے ایام کے حوالے سے ’’ایام عظمت محنت‘‘ منانے کا بھی فیصلہ کیا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم یوم مئی کے بجائے سرکاری سطح پر بھی یوم مزدور 8 ذیقعد کو منایا جائے۔ نبی کریمؐ سے محبت و عقیدت اور چاہت کااظہار پختہ سیرت و کردار اور ایثار کی شمعیں روشن کریں۔ نبی کریمؐ نے جس قائدانہ کردار کا درس اور سبق دیا ہے اسے اپنی زندگی میں اپنائیں کہ جب صحابہ کرام ؓ نے مدینہ منورہ کے تحفظ کے لیے خندق کھودنے کے طویل عمل کے دوران مشقت،سختی اور بھوک کا اظہار کیا اور بتایا کہ پیٹ پر پتھر باندھ کر راہ خدا میں لگے ہوئے ہیں تو خود آپؐ نے اپنا پیٹ دکھایا جس پر دو پتھر بندھے ہوئے تھے۔ آپ اس پورے عمل میں صحابہ کرامؓ کے ساتھ کدال لے کر شریک رہے اس لیے ہمارے لیے یہ تاریخی ایام شگاگو میں ہونے والے واقعات کی نسبت زیادہ قابل احترام و عقیدت والے ہیں۔ خالد خان نے کہا کہ ظلم و استحصال کے نظام اور کرپشن کے دور میں نیشنل لیبر فیڈریشن امید کی کرن اور درخشندہ ستارہ ہے۔ کمیونزم کے لیے سب کچھ قربان کرنے کے دعوے دار امریکا اور سرمایہ دارانہ نظام کے آلہ کا ر بن کر اس کی کاسہ لیسی میں لگے ہوئے ہیں محنت کش کی قیمتیں لگانے والے اور یونینز کے ذریعے سودے بازی کرنے والے کبھی مسائل حل نہیں کرسکتے۔
پاسبان ایریگیشن یونین کے زیر اہتمام پروگرام منعقد ہوا۔ مرکزی صدر حافظ نصر اللہ نے اس موقع پر کہا کہ نبیؐ نے خود اپنے ہاتھوں سے مزدوری کی اپنے پیٹ پر پتھر باندھ کر اور اپنے دیگر صحابہ کرام کے ساتھ ان کی قیادت کی۔ مدینہ منورہ کی حفاظت کرنے اور خندق کھودنے والے مزدور ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ اسلام نے ہمیں قربانی کا درس دیا ہے۔ یوم خندق کے موقع پر جب مزدوری کی بھوک برداشت کی جن کا مقصد جنت کا حصول تھا۔

ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں یوم خندق کے پروگرامات کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت نیشنل لیبر فیڈریشن جنوبی پنجاب کے صدر مزرا محمد عیسیٰ نے کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام نے آج سے چودہ سو سال پہلے محنت کش کو جو حقوق دیے تھے دنیا کا کوئی نظام اور کوئی تنظیم آج تک اس کے عشر عشیربھی حقوق نہیں دے سکتی۔ اجلاس میں محمد حسنین فراز ایڈوکیٹ، اقبال بڈھانی، مجاہد پاشا، حافظ عبدالرحمن، شاہ ولی راجپوت اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ نیشنل لیبر فیڈریشن سیالکوٹ میں بھی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں نیشنل لیبر فیڈریشن صوبہ پنجاب وسطی کے چیئرمین و معروف بزرگ مزدور افتخار ملک، محمد وارث اور سید فریاد حسین شاہ صدر نیشنل لیبر فیڈریشن گوجرانوالہ زون اور دیگر احباب نے شرکت کی۔ مقررین نے اپنے خطاب میں یوم خندق کی اہمیت پر زور دیا۔
نیشنل لیبر فیڈریشن فیصل آباد زون نے بھی یوم خندق پر ایک بھرپور پروگرام کا انعقاد کیا جس میں پاور لومز اور دیگر ٹریڈ یونینز سے متعلقہ افراد نے شرکت کی۔ نیشنل لیبر فیڈریشن فیصل آباد زون کے صدر میاں اعجاز حسین نے مطالبہ کیا کہ نبی کریمؐ اور جاں نثار صحابہ کرام سے عقیدت و محبت کے اظہار کے لیے 8 ذیقعد ’’یوم خندق‘‘ کو سرکاری سطح پر یوم مزدور کے طور پر منایا جائے اور ریاست مدینہ کے دعویدار حکومت ہر سال اس دن عام تعطیل کا اعلان کرے۔
ریلوے پریم یونین ورکشاپ و ریلوے پریم یونین اوپن لائن CBA مشترکہ اجلاس ریلوے ہیڈکواٹرز لاہور میں ہو ا جس سے ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ، شیخ محمد انور، چوہدری محمود الاحد، چودھری محمد صفدر، محمد ارشد، رفیق اعوان و دیگر نے بھی یوم خندق پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر شمس الرحمن سواتی نے مطالبہ کیا کہ یوم خندق کو مزدور کی عظمت کے دن کے طور پر بطور یوم مزدور منایا جائے۔ نیشنل لیبر فیڈریشن کی تاریخی جدوجہد اسلامی انقلاب کے لیے جو محنت کشوں کو عزت اور وقار کا مقام دینا ہے۔ گھر، تعلیم، علاج اور خوشحال صحت مند زندگی کی ضمانت دینا ہے۔ مزدور خود کو اسلامی انقلاب کے لیے وقف کردیں اور سرمایہ داری، جاگیرداری، افسر شاہی کے ٹرائیکا کو توڑ دیں۔