جماعت اسلامی نے سودی اور غریب کش بجٹ مسترد کردیا،بیروزگاری کیخلاف تحریک چلانے کا اعلان

241
لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستا سراج الحق منصورہ میں پریس کانفرنس کررہے ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ پاکستان کی شہ رگ بھارت اور جسم آئی ایم ایف کے قبضے میں ہے ۔ جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ نے سودی اور غریب کش بجٹ مسترد کردیا ۔ مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف تحریک کا آغاز 2 جولائی کو اسلام آباد میں بے روزگاری مارچ سے ہوگا، 4جولائی کو ملک بھر میں یوم احتجاج منائیں گے۔ آئندہ الیکشن میں اپنے جھنڈے اور نشان ’’ترازو‘‘ کے ساتھ میدان میں اتریں گے ۔ اسٹیبلشمنٹ سیاسی عمل میں مداخلت نہ کرے ۔ تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں گے تو ملک کے لیے بہتر ہوگا۔ ہم نے الیکشن ریفارمز کا مسودہ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ شیئر کیاہے ۔ حکومتی ریفارمز متنازع اور آئندہ انتخابات میں دھاندلی کا منصوبہ ہے۔ الیکشن اصلاحات کے لیے سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی۔جماعت اسلامی اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی حمایت کرتی ہے ۔ ایف اے ٹی ایف ملک کی نظریاتی اساس اور معاشی خود مختاری پرقبضہ چاہتاہے۔ ادارے کی بدنیتی واضح ہے ۔ حکومت نے عالمی اداروں کے دبائو میں آ کر قومی اداروں کو گروی رکھا یا بیچا تو شدید مزاحمت کریں گے ۔ گھریلو تشدد کا بل نامنظور ، این جی اوز کو خوش کرنے کے لیے ہمارے خاندانی نظام پر حملے کیے جارہے ہیں ۔ امریکا سے جتنے بھی معاہدے ہوئے ، پارلیمنٹ میں لائے جائیں ۔ صحافیوں اور میڈیا پر پابندی قبول نہیں ۔ آزادی ٔ اظہار پر یقین رکھتے ہیں۔ پی ٹی آئی نے اسٹیٹس کو ، کو تحفظ دیا ۔ تینوں بڑی جماعتوں میں کوئی فرق نہیں ۔ اسٹیبلشمنٹ ، جاگیردار ، سرمایہ دار اپنے مفادات کے لیے اکٹھے ہیں ، عوام کاکوئی پرسان حال نہیں ۔ چاروں صوبائی حکومتوں نے بلدیاتی الیکشن سے فرار کا راستہ اختیار کیا ۔ وزیراعظم نے قوم سے کیا گیا ایک وعدہ بھی پور ا نہیں کیا ۔ اردو کو حقیقی معنوں میں قومی زبان کا اسٹیٹس دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے مرکزی مجلس شوریٰ کے 3 روزہ اجلاس کے اختتام پر منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور امیر جماعت کے بلدیاتی امور کے مشیر عنایت اللہ خان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ سراج الحق کا کہنا تھاکہ امریکا کو اڈے نہ دینے کا وزیراعظم کا اعلان بالکل ایسا ہی ہے جیسا انہوں نے کشمیر کا سفیر ہونے کا کیاتھا ۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہاتھاکہ جب تک بھارت کشمیر پر 5 اگست 19ء کے فیصلے کو واپس نہیں لیتا ، اس وقت تک اس سے بات نہیں کی جائے گی مگر بعد میں پوری دنیا کو معلوم ہوگیا کہ دبئی میں نئی دہلی اور اسلام آباد کے خفیہ مذاکرات ہورہے ہیں ۔ حکومت نے کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا ۔ انہوںنے کہاکہ قوم کی آنکھوں میں دھول مت جھونکی جائے ۔ پی ٹی آئی بھی سابقہ حکومتوں کا تسلسل ہے جس نے عوام کو محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا ۔ حکومت گڈ گورننس متعارف کرانے اور کرپشن روکنے میں مکمل ناکام ہوگئی ۔ ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کر کے لاکھوں نوجوانوں کو بے روزگار کردیا گیا ۔ جماعت اسلامی کے بے روزگاری مارچ ہزاروں نوجوان ڈگریاں اٹھائے شرکت کریں گے۔ 50 لاکھ گھر بنانے کا اعلان ہوا لیکن 3 سال میں ایک شخص کو بھی چھت نہیں دی ۔ ایک سوال کے جواب میں امیر جماعت کا کہنا تھاکہ وہ 30 جون کو الیکشن ریفارمز سے متعلق جماعت اسلامی کا تیار کردہ مسودہ میڈیا کے سا تھ بھی شیئر کریں گے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ 75 فیصد عوام کا مسئلہ بے روزگاری اور مہنگائی ہے ۔ لوگوں کو اس سے غرض نہیں کہ نظام صدارتی ہے یا پارلیمانی ۔ قوم نے صدارتی اور پارلیمانی نظام آزمالیے ۔ اب حقیقی اسلامی جمہوری نظام کو موقع ملنا چاہیے ۔ تینوں بڑی پارٹیاں بھی ڈلیور کرنے میں ناکام ہو گئیں ، اب جماعت اسلامی واحد آپشن ہے ۔ عوام نے موقع دیا تو ہم آئین پاکستان کو اس کی روح کے مطابق نافذ کریں گے اور ملک میں انصاف اور قانون کا بول بالا ہوگا ۔ جماعت اسلامی امن او رترقی کی علمبردار ہے ۔ سراج الحق نے بنوں میں جانی خیل قبیلہ کے ساتھ ہونے والے ظلم کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ جانی خیل قبیلہ کے لوگ اپنے نوجوانوں اور سردار کی لاشیں لے کر گزشتہ کئی دنوں سے سڑکوں پر بیٹھے ہیں مگر انہیں انصاف نہیں مل رہا ۔ انہوںنے کہاکہ ملک میں عام آدمی کے لیے انصاف نایاب ہوگیاہے ۔ جماعت اسلامی ظلم و ناانصافی کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی ۔