فلسطینی مظاہرین کا صدر محمود عباس سے استعفے کا مطالبہ

547
مقبوضہ بیت المقدس: فلسطینی اتھارٹی کی حراست میں جاں بحق ہونے والے صحافی نزار بنات کے جنازے کے موقع پر فلسطینی احتجاج کررہے ہیں

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطینی شہریوں نے صدر محمود عباس اور ان کی انتظامیہ سے استعفے کامطالبہ کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق اتھارٹی کے ہاتھوں جاں بحق ہونے والے صحافی نزار بنات کے جنازے کے موقع پر بڑی تعداد میں فلسطینی سڑکوں پرنکل آئے۔ غرب اردن کے کئی شہروں میں بڑے پیمانے پر جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں۔ شرکا نے صدر محمود عباس کے استعفے کے نعروں پر مشتمل بینر اور کتبے اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے عباس ملیشیا کی غنڈہ گردی اور نزار بنات کے قتل میں ملوث اہل کاروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا بھی مطالبہ کیا۔ رام اللہ شہر میں ہونے والے ایک مظاہرے میں ہزاروں افراد نے صدر محمود عباس کو نزار بنات کے قتل کا ذمے دار قرار دیتے ہوئے ان سے استعفادینے کا مطالبہ کیا۔ ادھر الخلیل، نابلس، جنین اور بیت لحم سمیت کئی دوسرے شہروں میں عباس ملیشیا کے ہاتھوں فلسطینی صحافی کے قتل کے خلاف ریلیاں نکالی گئیں۔ دوسری جانب اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے وزیراعظم محمد اشتیہ سے استعفادینے اور آیندہ انتخابات تک مجلس قانون ساز کو فعال کرنے کا مطالبہ کیا ۔ صحافی نزار بنات کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بیان میں کہا گیا ہے کہ نزار بنات کے قتل کے بعد ان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ثابت ہوگیا ہے کہ اسے گرفتاری کے بعد بے دردی سے تشدد کا نشانہ بنا کر موت کے گھاٹ اتارا گیا ہے۔