فیٹف پر اپوزیشن کا بیانیہ افسوسناک، چیلنج جلد پورے کرلیں گے، حماد اظہر

248

اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کے چیلنج جلد پورے کرلیں گے، فیٹف پر بے روزگار اپوزیشن کا بیانیہ افسوس ناک ہے

اسلام آباد میں پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ فیٹف پر اپوزیشن کا بیانیہ افسوسناک تھا اور اپنی سیاست کیلئے پاکستان کو نقصان نہ پہنچایا جائے، پاکستان جلد ایف اے ٹی ایف کے چیلنجز کو پورا کرلے گا۔ انھوں نے کہا کہ فیٹف کا چیلنج فروری 2018 میں ملا تھا اور اس وقت پاکستان مسلم لیگ نون کی حکومت تھی، ن لیگ کے باعث ایف اے ٹی ایف میں سختی کا سامنا کرنا پڑا، فیٹف میں ن لیگ دور میں بلیک لسٹ کی تیاری تھی، فیٹف میں ہاتھی گزر گیا اب صرف دم رہی گئی ہے۔

حماد اظہر نے کہا کہ گیس بحران پر قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں تاہم اپوزیشن بے روزگاری کےعالم میں مختلف باتیں کررہی ہے، 2 ڈھائی سال میں کامیابیاں تحریک انصاف کے دور میں ملی ہیں۔ وزیر توانائی نے کہا کہ 29 جون سے 6 جولائی تک کم سے کم لوڈ شیڈنگ کی کوشش کریں گے اور اگر لوڈ شیڈنگ ہوئی تو ٹارگٹڈ ہوگی۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ فرنس آئل کی مقدار پچھلے 2 سال میں کم ترین سطح پر ہے اور اس کے استعمال میں مزید کمی آئی گی۔ حکومت سسٹم کے اندر پیداوار کی کمی کو مینج کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت اچھی چل رہی ہے، آر ایل این جی کے سودے میں پانچ سو ارب بچائے، کوشش کریں گے گیس کی لوڈشیڈنگ نہ کرنی پڑے ، اپوزیشن جماعتوں میں خاندانی اختلافات سامنے آرہے ہیں۔

حماد اظہر نے کہا کہ سابق دور میں مہنگے درآمدی فیول پر بجلی پیدا کی گئی اور بجلی کی پیداوار میں جتنا اضافہ ہوا ہے وہ درآمدی فیول پر کیا گیا۔ سابق دور میں منصوبہ بندی کا فقدان تھا تاہم اس وقت ڈومیسٹک سیکٹر میں لوڈ شیڈنگ کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ فیول کے مسئلے کی وجہ سے سسٹم میں 7000 میگاواٹ کا ایشو ہے۔