بیجنگ: مارشل آرٹس اسکول میں آگ لگنے سے 18 افراد ہلاک

266

بیجنگ: چین کے مارشل آرٹس اسکول میں آگ لگنے سے 18 افراد ہلاک اور 16 سے زائد زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز (جمعہ) سینٹرل چین کے ایک مارشل آرٹس اسکول میں آگ بھڑک اٹھی جس نے اسکول کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ حادثے میں اب تک 18 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے اور 16 سے زائد زخمی ہوئے  ہیں۔

چینی حکام نے بتایاکہ صوبے ہینان کی زی چینگ کاونٹی کے مارشل آرٹ اسکول میں آگ جمعہ کی صبح لگی، آگ لگنے کے وقت مارشل آرٹ سکول میں 34افراد موجود تھے۔

چینی حکام کے مطابق  واقعہ کے بعد فائر بریگیڈ ٹیم نے عمارت میں لگی آگ بجھانے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کردیں جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں 4 افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  حادثے میں مرنے والوں میں زیادہ تر تربیت حاصل کرنے والے طلبہ شامل ہیں جن کی عمریں 7 سے 16 سال کے درمیان ہیں جبکہ حادثے کے وقت اسکول میں 34 طلبہ موجود تھے جن میں سے کئی طلبہ کو باہر نکالا گیا اور زخمی ہونے والوں میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے جو اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

چینی حکام کا کہناہےکہ ریسکیو اداروں نے آگ پر قابو پالیا ہے اور آگ لگنے کی وجوہات بھی معلوم کی جارہی ہیں تاہم فوری طور پر آتشزدگی کی وجہ سامنے نہیں آئی ہے جبکہ حادثے کے بعدپولیس نے مارشل آرٹ سینٹر کے مالک (مینیجر) کو گرفتار کرلیا ہے۔