حکومت کا پی ٹی وی میں جدت پیدا کرنے کیلیے جاپان سے مدد لینے کافیصلہ

278

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن اور پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کی تکنیکی اپ گریڈیشن اور جدت سے متعلق جاپان اور پاکستان کے مابین مشترکہ منصوبوں پر جلد عمل درآمد ضروری ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات سے جاپان کے سفیر کنی نوری متسودا نے  ملاقات کی ،  جس میں میڈیا اور اطلاعات کے شعبوں میں پاکستان اور جاپان کے مابین جاری مشترکہ منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا  گیا۔

فواد چوہدری نے گیمنگ اور اینی میشن کے میدان میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیتے  ہوئے کہا کہ فلم، ڈرامہ، پوڈ کاسٹ اور جوائنٹ پروڈکشن کے شعبوں میں جاپان کے ساتھ مشترکہ طور پر کام کیا جائے گا۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے جاپان کے سفیر کو پاکستان میں ’’ٹرانگو مین‘‘ فلم کی تیاری اور شوٹنگ کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اس شعبہ میں جاپان کی مہارت اور تجربات سے فائدہ اٹھانے کا خواہاں ہیں،  اس سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

جاپان کے سفیر نے دونوں ممالک کے مابین ٹیکنالوجی کے شعبے میں اقدامات کے حوالے سے وفاقی وزیر کے تعاون کو سراہاتے ہوئے کہا کہ ’این ایچ کے‘‘ آئندہ سال جاپان اور پاکستان کے مابین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان میں اردو سروس کا آغاز کرے گا۔

 جاپانی سفیر نے گیمنگ اور اینی میشن کے شعبوں میں تعاون کیلئے جاپان کی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جاپانی کمپنی کاڈوکاوا پاکستان میں بالخصوص اینی میشن اور انٹرٹینمنٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے۔