نواز شریف کو واپس لانے کی کوششیں جاری ہیں،شیخ رشید

194

اسلام آباد(صباح نیوز+اے پی پی)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ تھکی ہوئی اپوزیشن سے عمران خان کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔نواز شریف کو واپس لانے کی کوششیں جاری ہیں۔اس سلسلے میں عمران خان ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم نواز کہتی ہیں کہ ان کے والد کی زندگی کی گارنٹی دی جائے مگر ہم کہتے ہیں کہ زندگی کی گارنٹی تواﷲ تعالی ہی دے سکتا ہے لیکن اگر انہیں سیکورٹی چاہیے تو ائر پورٹ سے لے کر جتنی سیکورٹی انہیں چاہیے دینے کو تیار ہیں مگر وہ واپس آنا ہی نہیں ہے۔’’نہ نو من تیل ہو گا نہ رادھا ناچے گی‘‘۔ نواز شریف اس انتظار میں ہیں کہ کوئی حالات بنیں تو وہ واپس آئیں۔علاوہ ازیں اپنے وڈیو پیغام میں وزیر داخلہ نے کہا کہ پنجاب پولیس نے جوہر ٹاؤن دھماکے کی تحقیقات میں زبردست کامیابی حاصل کی ہے، ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے، ملک میں انتشار پھیلانے اور پاکستان کو دبائو میں لانے کی کوشش کرنے والے ناکام ہوں گے۔