دہلی کا تازہ مودی ڈراما کشمیری قیادت اور عوام نے مسترد کردیا،سراج الحق

347
لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر کی حقیقی قیادت اور عوام نے دہلی میں اسکرین کیا گیا تازہ مودی ڈراما بھی مسترد کردیا ۔ بھارت کی جانب سے کشمیریوں کو زیر اور تقسیم کرنے کے فاشسٹ ہتھکنڈے ناکام ہو گئے ۔ پاکستانی حکمرانوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی کٹھن وقت میں کھل کر مدد نہیں کی ۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر خارجہ پالیسی مکمل ناکام ہو گئی ۔ کشمیر ایشو پر عوام ایک پیج پر جبکہ حکمران انٹر نیشنل ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔3 برس میں پی ٹی آئی کی زیادہ توجہ کھوکھلے نعروں پر مرکوز رہی ۔ حکومت کے پاس کافی وقت تھاکہ مضبوط خارجہ پالیسی تشکیل دی جاتی اور صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بنیادی اصلاحات متعارف کرائی جاتیںمگر موجودہ سیٹ اپ نے بھی عوام کا وقت ضائع کیا اور ملک کو تنزلی کی جانب دھکیلا ۔ قوم اپنے اوپر مسلط ظالم اشرافیہ سے مکمل بے زار ہوچکی ۔ بجٹ میں ٹیکسز کی بھر مار ہے ، پہلا ری ایکشن فلور ملز کی جانب سے آیا ۔ مارکیٹ میں آٹے کی قیمت مزید بڑھی یا آٹے کی کمی واقع ہوئی تو حکمران ذمے دار ہوں گے ۔ایل پی جی ، سی این جی اورپیٹرول کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے کی منصوبہ بندی ہو رہی ہے ۔ جماعت اسلامی قوم پر مزید ظلم برداشت نہیں کرسکتی ۔ لٹیروں کی جیبوں سے پیسہ نکالنے کے دعویداروں نے مافیاز کی پوری سپورٹ کی اور انہیں اربوں روپے کمانے کا موقع دیا ۔ جماعت اسلامی دین کی سربلندی اور ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے اپنی جدوجہد میں مزید تیزی لائے گی ۔ لوٹ مار کے کلچر سے قوم کو نجات دلانا ہمارا مقصد ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے منصورہ میں مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب اور مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ مجلس عاملہ کے اجلاس میں جمعہ سے شروع ہونے والے مرکزی مجلس شوریٰ کے 3 روزہ اجلاس کے ایجنڈے پر غور و غوض کے بعد اس کی حتمی منظوری دی گئی ۔ سراج الحق مجلس شوریٰ کے اجلاس کے اختتام پر میڈیا کو بریفنگ دیں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔سراج الحق نے کہاکہ حکمرانوں کی اولین ذمے داری تھی کہ مودی کے 5 اگست 2019 ء کے اقدام کے بعد کشمیریوں کے حق میں تمام قومی اور انٹر نیشنل فورمز پر بھر پور آواز اٹھاتے ۔ بیرون ملک پاکستانیوں کو متحرک کیا جاتا اور قومی قیادت اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی مدد سے کشمیر پر نیشنل ایکشن پلان تیار کیا جاتا مگر بدقسمتی سے ایسا نہ ہوسکا۔ کشمیری مسلسل بھارتی ظلم و جبر کے سائے تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔ انہوں نے کشمیری عوام اور قیادت کو یقین دلایا کہ پاکستانی قوم اور جماعت اسلامی ان کے ساتھ کھڑی ہے اور کشمیریوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔امیر جماعت نے کہاکہ حکومت اور نا م نہاد بڑی اپوزیشن جماعتوں نے قوم کو مایوس کیا ، یہی وجہ ہے کہ گزشتہ 3 سال میں عوام کو ریلیف پہنچانے کی کوئی سنجیدہ کوشش نہیں ہوئی ۔ قوم مہنگائی ، بے روزگاری اور غربت کی چکی میں پس رہی ہے جبکہ حکمران طبقہ اپنی عیاشیوں میں کھویا ہواہے ۔ انہوںنے کہاکہ مسائل کا و احد حل جاگیرداروں ، سرمایہ داروں سے جان چھڑانا ہے ۔ قوم ووٹ کی طاقت سے ان ظالموں کو آئوٹ کرے اور ملک میں قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے ۔ قبل ازیں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سراج الحق نے سابق امرا جماعت اسلامی میاں طفیل محمد ؒ اور سید منورحسن کی ملک و ملت کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور اس عہد کا اعادہ کیا کہ جماعت اسلامی فرد کے ذریعے اصلاح معاشرہ اور پاکستان میں نظام مصطفیؐ کے قیام کے لیے کوششیں بھر پور طریقے سے جاری رکھے گی ۔ یاد رہے کہ میاں طفیل محمد 25 جون 2009 ء اور سید منورحسن پچھلے برس 26 جون کو اس دنیا سے رخصت ہوئے۔میاں طفیل محمد جماعت اسلامی کے دوسرے جبکہ سید منورحسن چوتھے امیر تھے ۔