بھارتی وزیراعظم کی جانب سے آج بلائی گئی کانفرنس دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے، حریت رہنما

291

نئی دہلی: انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں سکیورٹی فورسز ہائی الرٹ ہیں کیونکہ وزیراعظم نریندر مودی آج جمعرات کو نئی دہلی میں جموں و کشمیر کی مرکزی سیاسی جماعتوں کے اتحاد پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن (پی اے جی ڈی) کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق سنہ 2019 میں انڈیا کے زیراتنظام کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے اور اس کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کے بعد جو وفاق کے زیرانتظام ہیں، مرکزی حکومت نئی دہلی میں پہلی بار کشمیری رہنماؤں سے بات کرنے جا رہی ہے جبکہ منتخب نمائندوں کی واپسی اور سنہ 2018 سے نافذ گورنر راج کے خاتمے کے لیے دونوں تقسیم شدہ علاقوں میں اسمبلی کے انتخابات کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

حکومتی اور سرکاری ذرائع نے اشارہ کیا ہے کہ وہ انڈیا کے زیرانتظام جموں و کشمیر کی سیاسی جماعتوں سے تمام امور پر بات چیت کے لیے تیار ہیں لیکن ان کی فوری توجہ اس بات پر ہے کہ حلقوں کی حد بندیاں جلد مکمل کی جائیں اور جلد سے جلد جموں و کشمیر میں انتخابات کرائے جائیں۔

خیال رہے  اس حوالے سے گذشہ روز بدھ کو حلقہ بندیوں کے کمیشن نے جموں و کشمیر کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے ورچوئل میٹنگ بھی کی ہے جس میں موجودہ انتخابی حلقوں کی تفصیلات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نریندر مودی نے اسمبلی انتخابات کا آغاز کرنے والے سیاسی عمل کو شروع کرنے کا ارادہ کیا ہے اور یہ ریاست جموں و کشمیر کے تقسیم شدہ علاقوں میں منتخب حکومت کے حصول کی طرف پہلا قدم ہے۔

جموں و کشمیر کانگریس کے صدر غلام احمد میر نے سابق وزیراعلی غلام نبی آزاد کی رہائش گاہ پر میٹنگ کے بعد کہا ہے کہ وہ وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے بلائے گئے جماعتی اجلاس میں ریاست کا معاملہ اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کے لوگ سنہ 2019 میں ہونے والی پیشرفت کے بعد صدمے میں ہیں، ہم آج کے اجلاس کے لیے وزیراعظم نریندر مودی کے ایجنڈے کا انتظار کریں گے اور اس کے مطابق جواب دیں گے۔

واضح  رہے کہ پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن میں سابق وزرائے اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور محبوبہ مفتی سمیت دوسری سیاسی جماعتیں شامل ہیں۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے حریت رہنما عبدالحمیدلون کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے آج بلائی گئی کانفرنس دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے، مقبوضہ کشمیر کی ساری حریت قیادت جیلوں میں بند ہے، مودی نے آج اپنے کٹھ پتلیوں کی کانفرنس بلا رکھی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی نام نہاد لیڈر شپ کو بھارتی سازشوں میں شامل ہونے کیلئے دہلی مدعو کیا گیا ہے، مودی حریت قیادت کو جیلوں میں بند کرکے کانفرنس کا ڈرامہ کررہا ہے، لیکن اب کشمیری عوام بھارت کے کسی بھی جھانسے میں نہیں آئیں گے۔