جلد ملزمان کو قانون کی گرفت میں لے کر اچھی خبر سنائیں گے، وفاقی وزیرِ داخلہ

218

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس نے گزشتہ روز لاہور جوہر ٹاؤن دھماکے کی تحقیقات میں کامیابی حاصل کرلی ہےاوردھماکے کے ملزمان کی گرفتاری کے قریب ہیں  ہے۔

تفصیلات کے مطابق  لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں گزشتہ روز ہونے والے دھماکے کے حوالے سے جاری کیے گئے اپنے  ویڈیو بیان میں وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہےکہ پولیس نے جوہر ٹاؤن دھماکے کی تحقیقات میں زبردست کامیابی حاصل کر لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس جلد ملزمان کو قانون کی گرفت میں لے کر اچھی خبر سنائے گی اور ملک میں انتشار پھیلانے والے ناکام ہوں گے۔

وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کبھی کسی دباؤ میں نہیں آئے گا، افغان بارڈر پر 86 فیصد اور ایران بارڈر پر 46 فیصد فینسنگ ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی حکومت میں سیاسی اور معاشی استحکام آیا ہے اور پاکستان کے دشمنوں کو سیاسی و معاشی استحکام ایک آنکھ نہیں بھاتا جبکہ  دشمنوں نے دہشت گردی کے راستے اپنانا شروع کیے ہیں، وہ ناکام ہوں گے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ عوام پاک فوج کے ساتھ مل کر امن، استحکام اور ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔

یاد  رہے لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں ایک گھر کے قریب گزشتہ روز بارود سے بھری گاڑی میں دھماکا کیا گیا تھا جبکہ دھماکے کے نتیجے میں بچے سمیت 3 افراد جاں بحق اور 24 زخمی ہوئے تھے۔

دوسری جانب گزشتہ روز علامہ اقبال انٹرنیشل ائرپورٹ سے بھی ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا ہے جو گوجرانوالہ کا رہائشی ہے اور جہاز کے ذریعے لاہور سے کراچی فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔

واضح رہے مشتبہ شخص کو پرواز سے آف لوڈ کر کے حساس اداروں نے حراست میں لے لیا جبکہ مذکورہ شخص کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا گیا ہے جہاں اس سے دھماکے سے متعلق پوچھ گچھ کی جائے گی۔