فریال تالپور کو کروڑوں روپے بھتے کی مد میں دیئے، عزیر بلوچ

643

کراچی: لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر بلوچ نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور، سینیٹر شہادت اعوان اور ایس ایس پی  فاروق اعوان سمیت دیگر کے راز کھول دئیے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی کی انسداددہشت گردی کی عدالت میں رینجرز اہلکاروں کے قتل کیس میں لیاری گینگ وار کے عزیر بلوچ کو پیش کیا گیا، جہاں ملزم نے اقبالی بیان میں بہت سے اہم انکشافات کیے۔

گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ نے اپنے اقبالی جرم بیان میں بتایا کہ محکمہ فشریز سے مجھے ماہانہ 20 لاکھ روپے اور فریال تالپور کو ایک کروڑ روپے بھتہ ملتا تھا، فشریز کے ڈائریکٹر سعید بلوچ اور نثار مورائی کو میرے کہنے پر تعینات کیا گیا۔

ملزم کا کہنا تھا کہ میرے سینیٹر شہادت اعوان، ایس ایس پی فاروق اعوان اور سی سی پی او وسیم احمد سے دوستانہ تعلقات تھے، جس کی وجہ سے میں ان لوگوں کی زمینوں پر قبضہ کرنے میں مدد کی۔

گینگ وار کے سرغنہ نے مزید  انکشاف کیا کہ میں نے بھتے کی مد میں کروڑوں روپے محکموں اور لوگوں سے وصول کیے، فاروق اعوان کے علاقے سے ماہانہ ڈیڑھ سے دو لاکھ روپے بھتہ وصول کرکے اسے دیا کرتا تھا۔

 عدالت نے آئندہ سماعت پرعزیر بلوچ کے 164 کے بیان پر متعلقہ مجسٹریٹ کو طلب کرلیا۔