جماعت اسلامی کا لوڈشیڈنگ پر حیسکو دفاتر کے گھیرائو کا اعلان

177

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد و صدر الخدمت فائونڈیشن ڈاکٹر سیف الرحمن اور جماعت اسلامی زون حالی روڈ کے امیر محمد اسحاق خان نے اپنے مشتربیان میں کہا ہے کہ حالی روڈ کے علاقے میں جلنے والے ٹرانسفارمرز کی وجہ سے شہری ایک ماہ سے بجلی سے محروم ہیں ۔بجلی نہ ہونے کی وجہ سے علاقے میں پینے کے پانی کی قلت پیدا ہو گئی ہے علاقہ مکین مہنگے داموں پینے کا پانی خریدنے پر مجبور ہیں ۔ کئی بار شکایات کے باوجود عملہ ایک ماہ سے زاید عرصہ گزرجانے کے باوجود بھی حالی روڈ کے علاقے کا ٹرانسفارمر تبدیل نہیں کیا گیاجبکہ ٹرانسفارمرز کی درستی اور تبدیلی کے لیے حیسکو عملہ بھاری رقم طلب کررہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حیسکوسسٹم ناکارہ ہوچکا ہے، ڈیڈکشن بلز کے نام پر عوام کو لوٹنے اور بجلی چوری میں حیسکو عملہ ملوث ہے، دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں بااثر افراد کے گھروں کے قریب نصب ٹرانسفارمر خراب ہونے کی صورت میں چند گھنٹے میں بجلی بحال کردی جاتی ہے لیکن شہر کے غریب و متوسط علاقے حالی روڈ میں ایک ماہ سے زاید عرصہ گزرجانے اورشدید احتجاج کے باوجود بھی حیسکو عملہ ٹرانسفارمر تبدیل نہیں کر رہا، ٹرانسفارمر غیر معیاری ہونے کی وجہ سے جل جاتا ہے جس کو تبدیل کرنے اور بجلی کی عارضی فراہمی کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ افسران کو برطرف کرکے بجلی بحال کی جائے، بصورت دیگر حیسکو کے دفاتر کا گھیرائو کیا جائے گا۔