ڈاکٹر عبدالہادی نے زندگی اقامت دین کیلیے وقف کی، الحاج محمداسماعیل

128

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) اسلامک ایجوکیشن ایسوسی ایشن حیدرآباد کے زیر اہتمام جامع مسجد جامعہ اسلامیہ میں ڈاکٹر عبدالہادی تھیبو کی یاد میں تعزیتی اجتماع منعقد ہوا۔جس میں سیاسی ، سماجی ومذہبی اور دیگر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑ ی تعداد میں شرکت کی۔تعزیتی اجتماع سے نامور مذہبی اسکالر الحاج محمد اسماعیل رانانے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عبدالہادی تھیبو ایک عظیم انسا ن تھے وہ آخر دم تک اقامت دین کے لیے جدوجہد کرتے رہے اور ان کے بیٹے اور بیٹیاں بھی جماعت اسلامی سے وابستہ اور تحریک کا دست وبازو ہیں۔ مرحوم نے ہمیشہ جماعتی زندگی کو ذاتی زندگی پر ترجیح دی، سادگی اور خوف خدا کو اپنی زندگی کا حصہ بنایا۔اسلامک ایجوکیشن ایسوسی ایشن حیدرآباد کے جنرل سیکرٹری اصغر علی خان یوسف زئی نے کہا کہ مرحوم کی ساری زندگی اقامت دین کی جدوجہد اور حصول رضائے الٰہی میں گزری،کبھی زندگی میں کسی سے بلند آواز میں بات نہیں کی، مرحوم اعلیٰ اخلاق اور کردار کے مالک تھے۔ تعزیتی اجتماع کے اختتام پر مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔