نصاب تعلیم کے حقیقی خدوخال بگاڑنا قوم سے غداری ہے، تنظیم اساتذہ

234

ٹنڈوآدم (پ ر) نصاب تعلیم ہی در حقیقت کسی بھی قوم کے افکار، نظریات اور مستقبل کا آئینہ دار ہوتا ہے۔ نصاب تعلیم کے حقیقی خدوخال کو بگاڑنا قوم سے غداری کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار تنظیم اساتذہ پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل پروفیسر ڈاکٹر الطاف حسین لنگڑیال نے تنظیم اساتذہ پاکستان صوبہ سندھ کی مجلس انتظامیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دو فیصد اقلیت کی خواہشات کو اٹھانوے فیصد اکثریت پر تھوپنے کی ہم مذمت کرتے اور ایسے ہر اقدام کیخلاف تنظیم اساتذہ کے ممبران عوامی شعور کو بیدار کرنے کے ساتھ ساتھ عدالتی جنگ لڑنے کو بھی تیار ہے۔ اس موقع پر تنظیم اساتذہ پاکستان صوبہ سندھ کے صدر پروفیسر ڈاکٹر نصراللہ لغاری نے فرمایا کہ سندھ باب الاسلام ہے۔ اور اس صوبے کے نصاب میں قومی یکجہتی اور اسلامی افکار و نظریات کا تشخص اجاگر ہونا چاہیے۔ اس موقع پر معروف سماجی رہنما مولانا عبدالوحید قریشی، مرکزی نائب صدر پروفیسر ابو عامر اعظمی، صوبائی نائب صدر شبیر احمد میرانی اور دیگر ذمے داران اور اساتذہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔