کرپشن کے خاتمے کی جدوجہد کو جاری رکھنا ہے، احسان رحمانی

151

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی تحصیل لطیف آباد کے آفس میں امریکن کوارٹرز سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے سندھ کے صوبائی نائب صدر ومرکزی ترجمان محمد احسان رحمانی سے ملاقات کی اورقومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ اس موقع پرصوبائی نائب صدر محمد احسان رحمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم گلی گلی نوجوانوں کو مرکزی چیئرمین علامہ ایاز ظہیر ہاشمی کا پیغام پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے اس بیان کہ پاک فوج قوم کی خدمت اور وطن کے دفاع کے لیے ہر سطح تک جائے گی کو سراہتے ہوئے نوجوانوں سے کہا کہ ہمیں ملک و ملت میں قیام امن انسانی حقوق کی بالادستی کرپشن کے خاتمے کی جدوجہد کو جاری و ساری رکھنا ہے اور اگر اس جدوجہد میں خود ساختہ لیڈر شپ اور کالی بھیڑوں نے رکاوٹیں پیدا کیں تو امن کمیٹی کے تمام کارکنان منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ امن کمیٹی نے ہمیشہ ملک میں استحکام اور پاکستان افواج سمیت قومی اداروں کی بات کی ہے کسی بھی موڑ پر پاک آرمی نے وطن عزیز کے تحفظ کے لیے جب بھی عوام کو پکارا تو امن کمیٹی کے نوجوان صف اول میں پاکستان آرمی کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔ تقریب سے امن کمیٹی حیدرآباد کے چیف آرگنائزر امام الدین بابو میسن اور انجمن غوثیہ رضویہ کے نائب آرگنائزر قاضی خلیل احمد نے بھی خطاب کیا۔