سندھ حکومت بدعنوانی کے باعث اپنی افادیت کھورہی ہے، عمران قریشی

212

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف ضلعی صدر عمران قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور ان کی کابینہ کی دن رات کی کوششوں سے ملک میں ہر آنے والے دن کے ساتھ صورتحال بہتر ہوتی جارہی ہے۔ اس کے برعکس سندھ حکومت تیزی سے بدعنوانی اور کرپشن کے باعث اپنی اہمیت اور افادیت کھورہی ہے لیکن اب صوبائی حکومت خود اپنی نااہلی کو چھپانے کے لیے الزامات وفاقی حکومت پر لگارہی ہے لیکن ملک کے عوام یہ جانتے ہیں کہ صوبائی حکومت کے کھربوں روپے کے بجٹ کے باوجود نہ تو سندھ کے غریب عوام کو علاج کی سہولیات میسر ہیں اور نہ ہی تعلیم کے حوالے سے کوئی بہتر صورتحال ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کے اپنے شہر لاڑکانہ میں صحت وصفائی کی یہ صورتحال ہے کہ وہاں شہریوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں۔ اسپتالوں میں ادویات اور علاج کی سہولیات ناپید ہیں ۔ سندھ کے غریب عوام انتہائی بدحالی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ اس کے باوجود بلاول زرداری، مراد علی شاہ اور ان کی کابینہ ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حقائق تسلیم کرنے کو تیا رنہیں۔ انہوں نے کہاکہ سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں بھی صوبائی حکومت کی کارکردگی کو دیکھا جاسکتا ہے کہ یہاں جگہ جگہ گندگی اور غلاظت کے ڈھیر ہیں ۔ پبلک ٹرانسپورٹ کا کوئی مؤثر انتظام نہیں، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی بھاری رشوت لے کر کثیر المنزلہ عمارتوں کے نقشے پاس کررہی ہے جن میں کسی قسم کی کوئی سہولیات نہیں ہے ۔