میرپور خاص،گھروں میں ڈکیتی کرنے والے گروہ کے 3 کارندے گرفتار

198

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) میرپورخاص پولیس کی کارروائی، اسلحہ کے زور پر گھر میں ڈکیتی کرنے والے بین الاضلاعی گروہ کے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا، لاکھوں روپے کا سونا، کیش، اسلحہ برآمد۔ 15 مئی 2021ء کو مسلح ملزمان نے ڈاکٹر اودھو کے گھر میں گھس کر ڈکیتی کی واردات کرتے ہوئے ڈاکٹر اودھو کو شدید زخمی کردیا اور لاکھوں روپے کا سونا اور کیش لے کر فرار ہوگئے، اس واردات کا مقدمہ جھڈو تھانے میں درج کیا گیا۔ ایس ایس پی میرپورخاص فیصل بشیر میمن کی ہدایات پر ڈی ایس پی جھڈو سجان سنگھ کی سربراہی میں تشکیل دی جانے والی ٹیم میں شامل ایس آئی عنایت علی زرداری، انچارج سی آئی اے نے انسپکٹر غلام حسین سدھایو کی تکنیکی معاونت سے ایس ایچ او جھڈو شاہنواز خاصخیلی، ایس آئی دانش احمد، ڈی آئی بی انچارج نے جھڈو اور بدین کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے تین ملوث جوابدار جمعو، ہمیر، اللہ ڈنو ملاح کو گرفتار کرتے ہوئے لاکھوں روپے کا سونا، کیش، واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی ہے۔ ملزم اللہ ڈنو ملاح پہلے بھی رہزنی کے کیس میں ضلع بدین میں چالان ہوچکا ہے جبکہ ایک ملزم خیرو ملاح تاحال روپوش ہے۔ مقدمہ کی مزید تفتیش جاری ہے۔ میرپورخاص پریس کلب کے ملازم کے گھر میں چوری کی واردات، نامعلوم افراد گھر سے طلائی زیورات، نقدی اور موبائل فون چوری کرکے فرار ہوگئے۔ میرپورخاص پریس کلب کے ملازم فرحان چاکی کے گھر واقعہ گلشن کالونی میں نامعلوم افراد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گھر میں داخل ہوگئے اور گھر سے طلائی زیورات، ہزاروں روپے نقد اور دو عدد موبائل فون چوری کرکے فرار ہوگئے۔ اس حوالے سے فرحان چاکی نے بتایا کہ وہ گھر میں سورہے تھے کہ نامعلوم افراد نے میرے گھر سے دو تولہ طلائی زیورات، دو عدد موبائل فون اور پانچ ہزار روپے کیش چوری کر کے لے گئے۔ واردات کی سیٹلائٹ ٹائون پولیس تھانے میں رپورٹ در ج کرادی جبکہ پولیس ہنوز ملزمان اور چوری شدہ سامان برآمد کرنے میں ناکام ہے۔ دوسری جانب میرپورخاص پریس کلب کے صحافیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر چوروں کو گرفتار کرکے چوری شدہ سامان برآمد کیا جائے۔