جیکب آباد:ایکسائز پولیس کی کامیاب کارروائی ،بڑی مقدار میں منشیات پکڑ لی

126

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد میں ایکسائز پولیس کی کارروائی، منشیات کی اسمگلنگ ناکام بنا دی، تلاشی کے دوران مزدا کے خفیہ خانوں سے 26 کلو چرس برآمد، تین ملزمان گرفتار، مقدمہ درج۔ جیکب آباد میں ایکسائز پولیس کے اے ای ٹی او ضیاء پٹھان، انسپکٹر گل محمد بھٹو اور علی گوہر سہتو نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان سے منشیات کی اسمگلنگ ناکام بنا دی، بائی پاس پر ایکسائز پولیس چوکی کے پاس زرعی کالج کے قریب تلاشی کے دوران مزدا کے خفیہ خانوں سے 26کلو اعلیٰ کوالٹی کی چرس بر آمد کرکے تین ملزمان قلعہ عبدااللہ کے رہاشی محمود، شیر محمد اور شفیق کو گرفتار کرلیا جن کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ ای ٹی او جیکب آباد قربان شیخ نے بتایا کہ بلوچستان سے سندھ کے علاقے لاڑکانہ منشیات اسمگل کی جارہی تھی جسے ناکام بنایا دیا، برآمد کی گئی چرس کی مالیت عالمی منڈی میں لاکھوں روپے ہے، منشیات کی روک تھام کے لیے ایکسائز پولیس دن رات کوشاں ہے۔ جیکب آباد میں بیوپاری سے رہزنی کی واردات کا مقدمہ دو پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد کیخلاف درج۔ جیکب آباد کے سول لائن تھانے کی حدود میں واقعہ ڈنگر محلہ سے مویشی کے بیوپاری عامر رند سے مسلح افراد کی نو لاکھ روپے سے زائد کی ڈکیتی کی واردات کیخلاف رند برادری کی جانب سے قومی شاہراہ پر شہید اللہ بخش پارک کے قریب احتجاجی مظاہرہ کرکے دھرنا دیا گیا۔ مظاہرین نے واقعے کیخلاف سخت نعرے بازی کی۔ حاجی غلام نبی رند کا کہنا تھا کہ رہزنوں کو گرفتار کرکے مسروقہ رقم برآمدکرائی جائے اور مقدمہ درج کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ بڑھایا جائے گا۔ دوسری جانب سٹی پولیس کی جانب سے ایس ایچ او کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ دو پولیس اہلکاروں کالو خان پنہور اور عبدالستار جاگیرانی سمیت دو نامعلوم افراد کیخلاف درج کیا گیا ہے۔