کوئٹہ ،فاطمہ جناح چیسٹ اسپتال میں شمسی نظام کی تنصیب

239

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)کو ئٹہ کا فاطمہ جناح چیسٹ اینڈ جنرل اسپتال صوبے کے بڑے اسپتالوں میں سے پہلا اسپتال ہے جہاں بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلیے یو این ایچ سی آر کی مدد سے شمسی نظام کی تنصیب کی جا رہی ہے۔اس سلسلے میں گزشتہ روز اسلام آباد سے یو این ایچ سی آر کے الیکٹریکل انجینئر کلیم نیازی کوئٹہ پہنچے اور انہوں نے اسپتال میں شمسی نظام کی تنصیب کیلیے اسپتال کے مختلف شعبوں کیلیے درکار بجلی اور لوڈ سے متعلق امور کاجائزہ لیا۔ اس موقع پر اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نوراللہ موسی خیل نے بھی انہیں اسپتال میں بجلی کی ضروریات بابت معلومات دیں،یو این ایچ سی آر کے الیکٹریکل انجینئر کلیم نیازی نے تمام ایمرجنسی وارڈز اور مشینری کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کیلیے تخمینہ رپورٹ مرتب کی جسے وہ اسلام آباد میں یو این ایچ سی آر کے حکام کو پیش کریں گے۔واضح رہے کہ فاطمہ جناح چیسٹ اینڈ جنرل اسپتال کے ایمرجنسی وارڈز اور دیگر شعبوں کے لیے درکار بجلی ضروریات کو پورا کرنے کیلیے اسپتال کے ایم ایس نور اللہ موسی خیل نے یو این ایچ سی آر کے حکام سے اپیل کی تھی جس پر یو این ایچ سی آر کے حکام نے اسپتال میں بجلی نظام کو سولر پر منتقلی کیلیے حامی بھری تھی بلکہ انہوں نے اپنے الیکٹریکل انجینئر کو اسپتال میں شمسی نظام کی تنصیب کا تخمینہ رپورٹ کیلیے بھیجا جو گزشتہ روز کوئٹہ آئے اور اسپتال کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا۔یاد رہے اس سے قبل بھی نوراللہ موسی خیل کی نشاندہی اور استدعا پر یو این ایچ سی آر کی جانب سے جدید ترین سٹی اسکین مشین کی تنصیب کا کام بھی شروع کیا گیا ہے جس پر جلد کام مکمل کر لیا جائے گا۔نوراللہ موسی خیل کی کورونا وبا کے دوران خدمات اور اسپتال میں کیے گئے اصلاحات کو عوامی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے وہی اس سے زیر علاج مریضوں اور ان کے تیماردار بھی مطمئین دکھائی دے رہے ہیں۔