قیام امن میں پولیس رینجرز اور بزنس کمونٹی کا کردار قابل تحسین ہے،سلیم الزمان

279
کاٹی کے صدر سلیم الزماں ایس ایس پی کورنگی شاہجہاں خان کو شیلڈ پیش کر رہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں بڑے جرائم پر قابو پالیا گیا ہے، امن و امان کے قیام میں پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بزنس کمیونٹی کا کردار بھی لائق تحسین ہے۔ شہر میں امن و امان کے قیام سے لے کرموجودہ کورونا صورتحال تک تمام مواقع پر پولیس کا کردار مثالی رہا۔ پولیس نے ہر مشکل وقت میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ہمیں اپنی پولیس پر بجا طور پر فخر ہے پولیس شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر سلیم الزماں نے نئے تعینات ہونے والے ایس ایس پی کورنگی شاہجہاں خان کے اعزاز میں منعقدہ ظہرانے سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کورنگی عرفان سلام، ایس ایس پی ٹریفک لطیف صدیقی، ڈی ایس پی ٹریفک ملک اختر، سینئر نائب صدر ذکی احمد شریف، نائب صدر نگہت اعوان، کاٹی کے سابق صدور وچیئرمین سید جوہر قندھاری، مسعود نقی، شیخ فضل جلیل، ایس ایم یحیٰی اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔کاٹی کے صدر سلیم الزماں نے نئے تعینات ہونیوالے ایس ایس پی کورنگی شاہجہاں خان کو کورنگی صنعتی علاقے کی معاشی اہمیت اور پیداواری صلاحیت سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت کورنگی میں بہترین افسران تعینات کیے گئے ہیں جو پوری فرض شناسی اور خوش اسلوبی سے دن رات محنت کررہے ہیں۔