نوجوان کھلاڑی گورنرگولڈ کپ کھیلنا اعزاز سمجھتے ہیں،امجد عزیز ملک

203

پشاور(جسارت نیوز)گورنر گولڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین امجد عزیز ملک نے کہا ہے کہ 1985سے گورنر گولڈ کپ منعقد کرنے کا یہ سلسلہ شروع ہوا اور آج تک جاری ہے چند برس حالات نے ٹورنامنٹ کروانے کی اجازت نہیں دی لیکن یہ مقابلے خیبرپختون خوا بلکہ پاکستان کے معتبر ترین کرکٹ مقابلے شمار کیے جاتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں منعقدہ گولڈ کپ کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب میں کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ اور ون ڈے کھیلنے والے خیبر پختون خوا کے تمام کرکٹرز یہ ٹورنامنٹ کھیل چکے ہیں اور نوجوان کرکٹرز ان مقابلوں میں شرکت کو اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں۔ماضی میں صوبے بھر سے ٹیمیں اس ٹورنامنٹ میںشرکت کیا کرتی تھیں اور اب بھی ہماری خواہش ہے کہ زیادہ سے زیادہ کھلاڑی اس ٹورنامنٹ میں شرکت کریں کچھ عرصہ دہشت گردی کی وجہ سے ان مقابلوں کا انعقاد نہیں ہو سکا اور اس بار کورونا وائرس کی وجہ سے صرف پشاور کی ٹیموں کو ٹورنامنٹ میں شرکت کا موقع دیا گیا۔