فائنل میں رسائی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے ، کپتان محمد رضوان

104

ابوظبی(جسارت نیوز) ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے میڈیا سیشنز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فائنل میں رسائی ملتان سلطانز کے اسکواڈ میں شامل ہر فرد کی مشترکہ محنت کا ثمر ہے، کراچی کنگز کے خلاف میچ میں شاندار کم بیک کی وجہ بھی یہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں کھیلے گئے لیگ کے ابتدائی مرحلے میں ہماری ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکی تاہم ابو ظبی پہنچنے سے قبل ہم تمام تر چیلنجز سے بخوبی آشناء ہوچکے تھے، جس کی وجہ سے یہاں ہماری کارکردگی مؤثر رہی۔ محمد رضوان کا مزید کہنا تھا کہ ملتان سلطانز کی جیت میں تسلسل کی بنیادی وجہ ایک منظم اور جامع حکمت عملی کی تیاری اور پھر اس پر عمل کرنا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ فائنل میں جیت کے لیے پرعزم ہیں۔پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ بطور کپتان ٹیم کا فائنل میں پہنچنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ وہاب ریاض نے کہا کہ حضرت اللہ ززئی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں کو کہ ٹیم کے لیے اچھا ہے۔ وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ پشاور زلمی کی فائنل تک رسائی میں ٹیم کے ہر کھلاڑی نے حصہ ڈالا ہے،انضمام الحق، محمد اکرم اور ڈیرن سیمی کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتے ہیں، پشاور زلمی کی ٹیم پلے آف مرحلے کی طرح ایونٹ کے فائنل میں بھی کامیابی حاصل کرنے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔