ملتان سلطانز یا پشاور زلمی،پی ایس ایل 6 کے فاتح کا فیصلہ آج ہوگا

319

لاہور ( سید وزیر علی قادری)پاکستان سپر لیگ 6 کی فاتح محمد رضوان کی ملتان سلطانز بنے گی یا چیمپئن کا سہرا وہاب ریاض کی پشاور زلمی کے سر پر سجے گا اس کا فیصلہ آج ہوگا۔ایونٹ کا فائنل آج مقامی وقت کے مطابق رات 8 اور پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شیخ زید اسٹیڈیم ابوظبی میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں کھیلے گئے33 سنسنی خیز مقابلوں کے بعد ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیموں نے فائنل میں رسائی حاصل کی تھی ،دونوں ٹیموں نے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست رہنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو پلے آف مرحلے میں شکست دینے کے بعد ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنائی۔ملتان سلطانز نے کوالیفائر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو 31 رنز جبکہ پشاور زلمی نے ایلیمنٹر ٹو میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 وکٹوں سے ہرایا تھا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ جب ملتان سلطانز نے ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔پشاور زلمی کی ٹیم چوتھی مرتبہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل کھیل رہی ہے۔ پشاور زلمی کی ٹیم 2017 میں ایونٹ کی فاتح بھی رہ چکی ہے۔ ملتان سلطانز کی ٹیم لیگ کے ابوظبی مرحلے میں کھیلے گئے کوالیفائر سمیت 6 میں سے 5 میچز میں فتح حاصل کی، دوسری طرف پشاور زلمی کی ٹیم ابوظبی مرحلے میں کھیلے گئے 5 میں سے صرف 2 میچز ہی جیت سکی تھی تاہم وہ بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر ایونٹ کے پلے آف مرحلے میں پہنچی۔ اس سے قبل دونوں ٹیمیں پی ایس ایل 6 میں 2 مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آچکی ہے ان مقابلوں میں ایک میچ پشاور زلمی اور دوسرا ملتان سلطانز نے جیتا۔دونوں ٹیمیں جب پہلی مرتبہ ایونٹ میں مدمقابل آئیں تو وہ مقابلہ پشاور زلمی نے جیت لیا۔ فاتح ٹیم نے ٹام کوہلر کیڈمور کی نصف سنچری اور امام الحق کی 48 رنز کی اننگز کی بدولت 194 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا تاہم ملتان سلطانز نے 13 جون کو ابوظبی میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کو 8 وکٹوں سے ہرا کر حساب برابر کردیا۔