وفاق کا سندھ سے عدم تعاون دانستہ ہے،امتیاز شیخ

179

کرا چی(آن لائن)وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ مہنگی بجلی اور لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے نجات کے لیے متبادل اور قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں پر سندھ حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس ضمن میں سندھ پاکستان کا واحد صوبہ ہے جس نے 50 ہزار ایکڑ زمین شفاف توانائی کے منصوبوں کے لیے مختص کی ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کے روزکراچی کے مقامی ہوٹل میں بین الاقوامی شمسی شفاف توانائی ( Energy Clear Solar) کانفرنس سے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے متبادل اور قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں کو وفاقی حکومت کی جانب سے یہ کہہ کر رد کیا جاتا ہے کہ ہم توانائی میں خود کفیل ہیں۔جبکہ حقائق اس کے برعکس نظر آتے ہیں اور گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ سے صاف عیاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ کہا جاتا ہے کہ ہم 37 ہزار میگاواٹ بجلی کے حامل ہیں لیکن پریزینٹیشن میں بتایا جاتا ہے کہ صرف 23 ہزار میگا واٹ بجلی دستیاب ہے۔انہوں نے شکایت کی کہ سندھ کے حصے کی گیس بھی ہمیں نہیں مل رہی جس کی وجہ سے صنعتی عمل شدید متاثر ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے خیال میں وفاقی حکومت کا سندھ کے ساتھ عدم تعاون دانستہ ہے۔