سندھ بھر میں ترجیحی بنیادوں پر شجرکاری کی جائے،جاوید اقبال

332

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ورلڈ وائلڈ لائف پاکستان اور سندھ انٹر پرائزز ڈویلپمنٹ فنڈکے اشتراک سے کلائمٹ چینج ، انڈس ڈیلٹا اور انوائر مینٹل پروٹیکشن فنڈ کی افتتاحی تقریب میریٹ ہوٹل کراچی میں منعقد ہوئی ، تقریب میں حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی نمائندگی کرتے ہوئے جاوید اقبال نے کہا کہ حیدرآباد سندھ کا دوسرا بڑا شہر ہے اور زراعتی صنعت کا حب ہے ، صنعتکاروں و تاجروں اور کاشتکاروں نے ہمیشہ ماحول دوست اقدامات کی حوصلہ افزائی کی ہے ، ماحولیاتی تحفظ کے ادارے اور محکمہ جنگلات کے ساتھ مل کر حیدرآباد کو ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رکھنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں ۔ جاوید اقبال نے حیدرآباد چیمبر کی طرف سے تجاویز پیش کیں کہ زراعت پر مبنی مصنوعات، آبی حیات ، شجر کا ری ، ماحولیاتی تحفظ سے متعلق معلوماتی پروگرام حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقد کیے جائیں ، وزیر اعظم بلین ٹری پروگرام کے تحت ایم نائن موٹر وے پر درخت لگائے جائیں ، جنگلات کو ترجیح دی جائے ، حیدرآباد اور سندھ کے دیگر شہروں میں بلین ٹری پروگرام کے تحت شجر کاری کی جائے ۔ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شارق وہرا نے اپنے خطاب میں کہا کہ حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سندھ کے دیگر تجا رتی اداروں کو عملی طو رپر ان کاموں میں شامل کرکے بہترین نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں ، سندھ انٹر پرائز ڈویلپمنٹ فنڈز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محبوب الحق ،ورلڈ وائلڈ لائف پاکستان کے ڈائریکٹر طاہر رشید نے حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے جذبے اور فعال کردار کو سراہتے ہوئے جلد ہی اس طرح کے پروگرام حیدرآباد چیمبر آف کامرس میں منعقد کرانے کی یقین دہانی کرائی ۔ جاوید اقبال کو حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے بہترین تجاویز پیش کرنے پر سی ای اومحبوب الحق اور ڈائریکٹر طاہر رشید نے شیلڈ پیش کی ۔