پاک ترکی تعاون سے امن پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، آرمی چیف

405

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ علاقائی امن کے لیے پاکستان کی کوششوں میں ساتھ دینے پر ترکی کے ممنون ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورہ پر ترکی پہنچ گئے جہاں انہوں نے ترک وزارت دفاع کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں فوجی دستوں نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے ترک وزیر دفاع جنرل( ر) ہولوسکئی اکر، کمانڈر ترکش جنرل ا سٹاف جنرل یاسر گلر اور کمانڈر ترک لینڈ فورسز جنرل امیت دندر سے ملاقاتیں کیں۔اس دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آرمی چیف نے پاکستان کے ساتھ ترکی کے تعلقات باالخصوص خطے میں قیام امن کے لیے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترکی خطے کا اہم ترین مسلم ملک ہے، علاقائی امن کے لیے پاکستان کی کوششوں میں ساتھ دینے پر ترکی کے ممنون ہیں، پاک ترکی تعاون سے علاقائی امن واستحکام پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ترک وزیردفاع نے علاقائی امن واستحکام باالخصوص افغان امن عمل کیلیے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔ ترک وزیردفاع نے دونوں برادر ممالک کے مابین بہتر تعلقات کے لیے کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔علاوہ ازیںآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آذربائیجان کا دورہ کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے باکو میں آذربائیجان کے وزیرداخلہ امور اور چیف آف اسٹیٹ بارڈر سروس سے ملاقاتیں کیں۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی اورسیکورٹی تعاون پر بات چیت کی گئی۔اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ خطے کی جیواسٹریٹجک صورتحال دونوں ملکوں کے قریبی تعلقات کی متقاضی ہے، خطے کی جیواسٹریٹجک صورتحال اور مشترکہ چیلنجز سے مل کر نمٹنا ہوگا۔