“سندھ حکومت کی نااہلی نے عوام کو پانی کے بحران کا شکارکردیا”

280

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت اور واٹر بورڈ کی نااہلی نے شہر قائد کے عوام کو سخت گرمی کے موسم میں پانی کی شدید قلت اور بحران کا شکارکردیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ واٹر بورڈ کی لائینوں میں تو پانی نہیں آتا لیکن ٹینکر مافیا کو پانی مل جاتا ہے اور پانی سے محروم شہری مہنگے داموں ٹینکرز سے پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ وفاقی وصوبائی حکومتوں کی جانب سے اہل کراچی کے لیے پانی کے بڑے منصوبے K4کو مسلسل تعطل میں رکھنے ،بروقت مکمل نہ کرنے اور کراچی کا پانی کراچی کونہ دینے کی بجائے بعض ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو دینے کے باعث شہر میں پانی کی قلت ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ گزشتہ دنوں اطلاعات آئی تھیں کہ K4منصوبہ واپڈا کے حوالے کردیا گیا ہے لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ وفاقی حکومت نے حالیہ بجٹ میں بھی K4 کو نظر انداز کر دیا ہے اور کوئی دلچسپی نہیں لی۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی گزشتہ 14برس سے سندھ میں حکمران ہے اور کراچی کے بہت سے شہری ادارے اس کے کنٹرول میں ہے جس میں واٹر بورڈ بھی شامل ہے اس نے پانی سمیت کوئی مسئلہ حل نہیں کیا۔