سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے دور میں تعمیر کیے گئے فیملی پار ک میں مویشی منڈی قائم

562

کراچی(رپورٹ:منیر عقیل انصاری) سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے دور میں تعمیر کیے گئے فیملی پار ک میں مویشی منڈی قائم کردی گئی ہے۔علاقہ مکینوں نے پارک کی جگہ پر غیر قانونی مویشی منڈی قائم کرنے پر ڈپٹی کمشنر وسطی کو منڈی ختم کرنے کے لیے خط لکھ دیےہیں۔

کراچی کے مختلف علاقوں کی طرح ضلع وسطی فیڈرل بی ایریا میں مقامی تھانے کے اہلکاروں اور سیاسی شخصیات کی سرپرستی میں غیرقانونی مویشی منڈی قائم کردی گئی ہیں۔

فیڈرل بی ایریا کے رہائشی اور فیڈرل بی ایریا ریذیڈنس فورم کے جنرل سیکرٹری باصر زیدی نے جسارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیڈرل بی ایریا بلاک 18سے متصل خان گراؤنڈ کے ساتھ موجود یونین کونسل نمبر27 کے اطراف میں موجود فیملی پارک میں غیر قانونی طور پر مویشی منڈی قائم کردی گئی ہیں۔

اس حوالے سے ہم نے ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کو ایک خط بھی لکھا ہے جس میں ہم نے ان سے درخواست کی ہے کہ یونین کونسل نمبر27 کے اطراف میں موجود فیملی پارک میں غیر قانونی طور پر قائم کی جانے والی مویشی منڈی کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے دورمیں لاکھوں روپے خرچ کر کے اس فیملی پارک کو تعمیر کیاگیا تھایہ پارک فیڈرل بی ایریا کے رہائشیوں خصوصا بچوں اور خواتین کے لیے اچھی تفریح گاہ تھی،لیکن پارک میں مویشی منڈی قائم کر کہ پارک خراب کیا جارہا ہے۔

فیملی پارک کو گندگی کے ڈھیر میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ شدید تعفن کی وجہ سے زندگی اجیرن ہوگئی ہے فیملی پارک جس پر لاکھوں روپیہ خرچ کرکے علاقے کے لوگوں کو سہولت مہیا کی گئی تھی وہ پار ک اب قربانی کے جانوروں سے بھرا ہوا ہے۔

پار ک میں کھلے عام منی مویشی منڈی لگائے جانا انتظامیہ کی کاکردگی پرسوالیہ نشان ہیں۔ شام سے رات گئے تک اس سڑک پر پیدل چلنا بھی محال ہوجاتا ہے۔

پارک میں غیر قانونی قربانی کے جانوروں کی منڈی قائم کرنے کے باعث علاقہ مکین شدید مشکلات سے دوچار ہیں، جانوروں کی منڈی لگنے سے گندگی کے ڈھیر لگ گئے ہیں جبکہ ان مقامات سے تعفن بھی اٹھ رہا ہے جس سے وہاں کے رہائشی اور گزرنے والوں کو شدید اذیت کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ اسی طرح کراچی کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی مویشی منڈیاں قائم کردی گئی ہے۔ جن علاقوں میں یہ غیرقانونی منڈیاں قائم ہیں ان میں ضلع غربی اور شرقی سرفہرست ہیں۔مویشی منڈی قائم ہونے کی وجہ سے سڑک پر خریداروں کی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں پارک ہونے کی وجہ سے بدترین ٹریفک جام ہوجاتا ہے۔

ضلع غربی اور نگی ٹاون قطر اسپتال کے سامنے اور اطراف کی گلیوں میں‘ گلشن بہار نارویجن سیکنڈری اسکول(جرمنی اسکول) کے سامنے واقع میدان، داتا نگر کی مین سڑک اور اس طرز کی کئی جگہوں پر مقامی تھانے کی سرپرستی میں مویشی منڈیاں قائم ہیں جو علاقے کے لوگوں کے لیے شدید اذیت کا باعث بنی ہوئی ہیں۔

ضلع شرقی میں گلستان جوہر بلا ک8سمیت شرقی کےہر گنجان آباد علاقے میں سیاسی شخصیات اور پولیس کی سرپرستی میں مویشی منڈیاں قائم کردی گئی ہیں۔جس کی وجہ سے ناصرف گزرگاہیں تنگ ہوگئی ہیں بلکہ جانوروں کے فضلے اور گندگی کی وجہ سے تعفن بھی پھیل رہا ہے۔

علاقہ مکینوں نے فیملی پارک کو مویشی منڈی میں تبدیل کرنے پر وزیر بلدیات سندھ،ایڈمنسٹر یٹر کراچی،کمشنر کراچی، ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر متعلقہ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فیڈرل بی ایریا کے رہایشوں کو پارک سے محروم نہ کریں پہلے ہی کراچی میں پارکس ختم کردیے گئے ہیں۔