اولمپک ڈے ،پی ایچ ایف کے تحت نمائشی میچز منعقد ہونگے

228

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اولمپک ڈے کو شایان شان طریقے سے منانے کیلیے اور اولمپکس کی تاریخ میں اقوام عالم میںسبز ہلالی پرچم بلند کرنے والے پاکستان قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ہدایات پر تمام ملحقہ یونٹس میں نمائشی میچز اور تقریبات منعقد ہونگی۔ اس سلسلہ میں کے پی کے ہاکی ایسوسی کے زیر اہتمام سینئر و جونیئر ہاکی ٹیموں پر مشتمل 4 ٹیمیں لالہ ایوب اسٹیڈیم پشاور میں نمائشی میچز کھیلیں گی۔ ان میچزکے مہمانان خصوصی ڈائریکٹر جنرل ڈائر یکٹوریٹ آف اسپورٹس خیبر پختونخواہ اسفند یار خٹک اور چیئرمین کے پی کے ہاکی ایسوسی ایشن و سینئر ناب صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن سعید خان ہونگے۔ اولمپک ڈے تقریبات کے حوالہ سے پاکستان آرمی، پاکستان نیوی، سندھ ہاکی ایسوسی ایشن ، بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن اور پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن سمیت پاکستان ہاکی فیڈریشن کے تمام ملحقہ یونٹس نمائشی میچز کا انعقاد کرائیں گے۔ پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے زیراہتمام اولمپینز الیون اور انٹرنیشنل الیون نمائشی ہاکی میچ آج شام 5 بجے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائیگا۔ اس میچ کے مہمان خصوصی دنیائے ہاکی میں سب سے زیادہ میڈلز رکھنے والے کھلاڑیوں میں شمار، 1984 لاس اینجلس اولمپکس کے فاتح کپتان لیجنڈ اولمپین منظور جونیئر ہونگے۔