جامعات اور اعلیٰ تعلیمی ادارے جدت و تحقیق پر توجہ دیں‘ سردار مسعود خان

71

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ تعلیم کو عام کرنے کے ساتھ ہمیں تعلیمی معیار کی بہتری پر اپنی توجہ مرکوز کرنی ہو گی تاکہ ہمارے پڑھے لکھے نوجوان خطے کے دوسرے ممالک کے نوجوانوں سے تعلیمی قابلیت میں کسی طرح پیچھے نہ ہوں۔ یونیورسٹی آف کوٹلی کے زیر اہتمام اعلی تعلیم میں معیار کو یقینی بنانا کے عنوان سے ویبی نار سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ معیار کے بغیر اعلیٰ تعلیم کا کوئی تصور نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تعلیم یافتہ ہونے اور تعلیمی قابلیت کا حامل ہونے کے درمیان فرق کو سمجھنے کے ساتھ اس بات کا ادراک بھی کرنا ہو گا کہ تعلیم کو گریڈ تعلیمی اسکور اور درجہ بندی سے ناپنے کے بجائے اس چیز کو معیار بنانا ہو گا کہ ہماری جامعات اور دوسرے اعلیٰ تعلیم ادارے جو گریجویٹس تیار کر رہی ہیں ان کی علمی استعداد اور تعلیمی قابلیت کس درجے کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعات اور اعلیٰ تعلیمی ادارے جدت اور تحقیق پر خصوصی توجہ دیں۔