وفاق کے بعد پنجاب کا بجٹ بھی پریشان کن عوام مایوس ہوگئے،ذکراللہ مجاہد

104

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ موجودہ حکومت کے تینوں بجٹ عوام کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے ہیں۔ عوام دشمن وفاقی بجٹ کے بعد پنجاب کے بجٹ نے بھی عوا م کو پریشان اور مایوس کیا ہے۔ حکومتی بجٹ کے بعد چینی، آٹا، پٹرول، بجلی، گیس اور کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ عوام کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے پنجاب بجٹ کو وفاقی بجٹ کا حصہ قرار دیتے ہوئے عوام دشمن بجٹ قرار دیتے ہوئے کیا۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ اسلام کے عالانہ نظام کے نفاذ کے بغیر ملک میں حقیقی تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ حقیقی تبدیلی لیڈروں اور چہروں کو تبدیل کرنے سے نہیں بلکہ نظام کی تبدیلی آئے گی۔ حکمرانوں کی نام نہاد تبدیلی نے مہنگائی ، بے روزگاری سے پوری قوم کے چودہ طبق روشن کردیے ہیں ۔عوام مہنگائی،بے روز گاری اورپیداواری لاگت کے بے تحاشا اضافے سے تنگ دست ہوچکے ہیں۔ نااہل حکومتی ٹیم میں یہ صلاحیت نہیں کہ ملک کو بحرانوں سے نکال سکے۔ سودی نظام معیشت کے خاتمے تک ملک و قوم ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتے۔ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے قوم کو متحد ہو جماعت اسلامی کی قیادت کا ساتھ دینا ہوگا۔