ایل پی جی مزید مہنگی‘ 30 جون کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان

126

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) ایل پی جی کی قیمت میں 4روز میں تیسری بار اضافہ کردیا گیا ہے۔ ایل پی جی کی نئی قیمت 6 روپے اضافے کے بعد 155 روپے فی کلو کر دی گئی ہے، جس کے بعد گھریلو سلنڈر 71.93 اورکمرشل میں 276.75 روپے اضافہ ہوگیا ہے۔ 30جون تک ایل پی جی کی قیمت میں 10 سے 15 روپے فی کلو مزید اضافہ متوقع ہے۔ چیئرمین ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ ایل پی جی پالیسی 2021ء کے بعد ایل پی جی نایاب ہو گئی ہے۔ سرکاری ایل پی جی پیدارواری ادارے اوجی ڈی سی ایل نے قیمت میں اضافہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ ہونے پر 30 جون کو ملک بھر میں ہڑتال کی جائے گی۔چیئرمین عرفان کھوکھر نے بتایا کہ ملک میں ایک لاکھ ٹن ایل پی جی کی کمی کا سامنا ہے۔او جی ڈی سی ایل اور پارکو سمیت دیگر اداروں نے قیمت بڑھا دی، فوری طور پر ایل پی جی درآمد نہ کی گئی تو بحران سنگین صورتحال اختیار کر جائے گا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایل پی جی کی درآمد پرفوری ٹیکس ختم کیے جائیں۔