وزیر اعظم خواتین کو بااختیار بنانے کی علامت ہیں،زرتاج گل

116

اسلام آباد(آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی خواتین اراکین اسمبلی نے ریپ اور جنسی تشدد سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کے تبصروں کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبرل بریگیڈ نے حقائق کو غلط انداز میں پیش کیا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب
کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم خواتین کو بااختیار بنانے کی علامت ہیں کیونکہ کوئی دوسری پارٹی اس حد تک خواتین کو سیاسی میدان میں متحرک کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار پانچ خواتین وزرا وفاقی کابینہ میں بیٹھی ہیں، اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کی کوئی علامت ہے تو وہ وزیر اعظم عمران خان ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری ثقافت اور لباس کے انداز کو پوری دنیا میں مثالی قرار دیا جاتا ہے، وہ ہماری طرح پاکستانیوں کی طرح لباس پہننے کی خواہش کرتے ہیں اور کوشش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی لبرل کرپٹ کو پاکستانی معاشرے کا ترجمان نہیں بننے دیا جائے گا۔ پارلیمانی سیکریٹری برائے قانون ملیکہ بخاری نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے تحفظ کو ترجیح دینے والے شخص کی سربراہی میں انہیں پارلیمنٹ کی رکن ہونے پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے وزارت قانون کو پہلی ہدایات یہ دی تھی کہ وہ خواتین اور بچوں پر جنسی استحصال اور تشدد کے خاتمے کے لیے قوانین بنائیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے خواتین کو وراثتی حقوق دلوائے جو اس سے قبل کسی وزیر اعظم نے اس پر بات تک نہیں کی تھی۔