بنگلادیش میں محصورین پاکستان کے کیمپوں کو مسمار کرنے کا نوٹس

555

ڈھاکا (جسارت نیوز) “نیشنل ریپیٹری ایشن کمیٹی “کا ایک ہنگامی اجلاس حسن امام صدیقی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جس میں بنگلا دیش کے شہر “نرائن گنج” سے تازہ ترین اطلاعات کے مطابق محصورپاکستانیوں کے کمپنی بگان میں قائم 2 کیمپوں کو 25جون تک مسمار کرنے کے نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں۔ان میں 400خاندان پاکستان آنے کی آس اور امید میں زندگی کے دن پورے کررہے ہیں۔اجلاس میں اس عمل کا شدید غم اور غصے کا اظہار کیا گیا۔ایک قرار داد میں حکومت پاکستان،مسلح افواج کے سربراہ اور وزیر خارجہ سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر حکومت بنگلا دیش سے۔رابطہ قائم کر کے “کیمپوں ” کومسمار ہونے سے روکیں۔ پاکستانی سفارت خانہ ڈھاکا کو مثبت اقدامات جاری کیے جائیں۔ان محصورین پاکستانیوں نے پاکستان کے لیے اپنا سب کچھ قربان کردیا ہے اور وہ جھگیوں میں مقیم پاکستان منتقل ہونے کے انتظار میں ایڑیاں رگڑ رہے ہیں۔ انہیں پاکستان منتقل ہونے تک بے گھر نہ کیا جائے۔ پاکستان سے محبت کے جرم میں انہیں مزید سزا نہ دی جائے۔