کورونا کی شرح میں کمی ویکسین کی قلت برقرار ،مزید 27 اموات

172

کراچی/اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر/نمائندہ جسارت ) ملک میں کورونا وائرس سے مزید 27 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ 663 نئے مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 39 ہزار 017 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 663 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ اس طرح کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 1.69فیصد رہی۔ملک میں اب تک کورونا کے مصدقہ مثبت کیسز کی تعداد 949,838 ہوگئی ہے جن میں سے 894,352 مریض شفایاب ہو چکے ہیں۔ گزشتہ روز اس وبا نے مزید 27 افراد کی زندگیوں کو نگل لیا۔ اس طرح ملک میں اب تک اس وبا سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 22 ہزار 034 ہوگئی ہے۔ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد میں کمی آئی ہے اور فعال کیسز کی تعداد 33 ہزار 452 ہوگئی ہے۔ جب کہ 2 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔علاوہ ازیں سندھ ،پنجاب سمیت ملک بھر میں کورونا ویکسین کی قلت برقرار ہے جس کے باعث بہت سے ویکسین سینٹر بند کردیے گئے ہیں۔جب کہ بیرون ملک روزگار کرنے والے پاکستانیوں کی نوکریاں خطرے میں پڑگئی ہیں۔