جیلوں میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں‘چیف سیکرٹری

233

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جیل اصلاحات کے حوالے سے منگل کوچیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ اور وفاقی محتسب سید طاہر شہباز کی مشترکہ سربراہی میں اہم اجلاس ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے کہاکہ سندھ صوبے کی تمام جیلوں میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔ اصلاحات کیلیے محکمہ تعلیم، صحت، سوشل ویلفیئر اور سول سوسائٹی کام کر رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ جیل اصلاحات کے تحت اوور سائٹ کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ اوور سائٹ کمیٹیوں میں عدلیہ، سول سوسائٹی، تعلیم و صحت کے ماہرین اور مخیر حضرات شامل ہیں۔ چیف سیکرٹری سندھ نے کہاکہ صوبے کے 23 جیلوں میں پریزن انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم جولائی میں شروع کیا جائے گا۔پریزن انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم سے جیلوں کی مانیٹرنگ اور انتظامی امور میں بہتری آئے گی۔انہوں نے بتایا کہ ٹھٹھہ میں ہائی سیکورٹی جیل بنائی جائے گی۔محکمہ لینڈ یوٹیلائزیشن کو 4 نئی جیلوں کے لیے زمین کے لیے لکھا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ جیلوں کی بحالی اور مرمت کے لیے 1 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔اس موقع پروفاقی محتسب نے حکومت سندھ کے جیل رفارمز کو سراہا۔