انتخابات اصلاحات بل پراے پی سی بلانے کامطالبہ

131

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے حصول کے لیے فی الفور آل پارٹیز کانفرنس طلب کی جائے جس میں پارلیمنٹ کے اندر اور باہر موجود تمام سیاسی جماعتوں کی متفقہ رائے کیساتھ انتخابی اصلاحات کے لیے قانون سازی کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہاکہ حکومت اور اپوزیشن پاکستان میں انتخابی اصلاحات کے تاریخی موقع کو سیاسی مفادات اور سیاسی زاویے کا شکار نہ ہونے دیں، انتخابی اصلاحات کے نادر موقع کو پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی، عوام الناس کا جمہوریت پر اعتماد اور اعتبار کی بحالی کے لیے استعمال کیا جائے بصورتِ دیگر ہماری کئی نسلیں ناقابلِ تلافی نقصان بھگتیں گی۔انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی عوامی مسائل کے حل کے لیے اصلاحات اور موثر قانون سازی کے عمل پر یقین رکھتی ہے۔ا نہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی 13 سالوں سے سندھ میں برسر اقتدار ہے، پچھلے 10 سال میں این ایف سی کی مد میں 8 ہزار 342 ارب روپے ملنے کے باوجود سندھ تباہ و برباد ہے، حد تو یہ ہے کہ سندھ میں ویکسین نہ ملنے کی وجہ سے بچے کتے کے کاٹنے سے مر رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی کرپٹ اور نااہل حکومت کی وجہ سے سندھ میں کسی کی جان مال عزت آبرو محفوظ نہیں رہی۔ عوامی فلاح کے کوئی کام نظر نہیں آتا۔ پیپلز پارٹی نے صوبے کو 91 فیصد ریونیو دینے والے سندھ کے دارالخلافہ کراچی کو بدترین تعصب کا نشانہ بنایا ہوا ہے۔