شہر میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کوجلد مکمل کیاجائے گا‘ایڈمنسٹریٹر

254

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ ضلع غربی میں چمن سنیما روڈ کی 80ہزار مربع فٹ کارپیٹنگ کی جارہی ہے تاکہ اس سڑک کو موٹر ایبل بنایا جاسکے،ناگن چورنگی فلائی اوور ایکسپنشن جوائنٹس کی مرمت کاکام بھی ہورہا ہے جبکہ شہید ملت روڈ پر ٹیپوسلطان برج پر لائٹس کی بحالی بھی کافی حد تک مکمل ہوگئی ہے‘ بہت جلد ان کاموں کو مکمل کرلیا جائے گا، سڑکوں، پلوں اور اسٹریٹ لائٹس پر مشتمل بنیادی انفراا سٹرکچر کی بحالی اور بہتری سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی اور شہریوں کو روز مرہ زندگی میں سہولت ملے گی، یہ بات انہوں نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ ورکس کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں جاری مرمت و بحالی کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کہی، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ شہر میں نئی سڑکیں بنانے سے پہلے موجودہ سڑکوں اور شاہراہوں کو بہتر بنانا ضروری ہے، انفرااسٹرکچر مینٹی ننس ایک مستقل عمل ہے تاکہ جہاں بھی کوئی خرابی آئے اسے کام کرکے دور کردیا جائے، شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ایسی حکمت عملی اختیار کی جارہی ہے جس سے ان کاموں کو ترجیح دی جائے جن کے ذریعے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو سہولت ملے، محکمہ ورکس کی فیلڈ ٹیم مختلف علاقوں کا سروے کرکے کئے جانے والے کاموں کی ترجیحی فہرست تیار کرتی ہے جس کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی کی مشینری، گاڑیاں اور افرادی قوت لگا کر سڑکوں، پلوں اور اسٹریٹ لائٹس کی مرمت و بحالی کے کام کرائے جاتے ہیں۔