نالاصفائی مہم:وزیربلدیات ناصرشاہ کا اظہاراطمینان

111

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور سیکرٹری بلدیات سید نجم احمد شاہ نے منگل کوشہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور نالا صفائی مہم کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری بلدیات سید نجم احمد شاہ نے بتایا کہ 26 مئی سے آغاز ہونے والی نالی صفائی مہم پوری آب و تاب سے جاری ہے اور روزانہ کی بنیاد پر برساتی نالوں سے نکالے جانے والا فضلہ لینڈ فل سائٹس پر منتقل کیا جارہا ہے۔ نجم احمد شاہ نے وزیر بلدیات سندھ کو آگاہ کیا کہ مورخہ 19 جون تک موصول ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق برساتی نالوں سے سینتیس لاکھ چھیانوے ہزار سات سو نوے 3796790کیوبک فٹ فضلہ پانچ ہزار تین سو چھیانوے 5396 ڈمپرز کے ذریعے لینڈ فل سائٹس منتقل کیا گیا ہے اور مستقل طور پر یہ عمل جاری و ساری ہے۔وزیر بلدیات سندھ نے سیکرٹری بلدیات سندھ اور نالہ صفائی مہم کی لیے بنائی گئی کمیٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مون کی آمد سے قبل ہی حکومت سندھ نے ہنگامی بنیادوں پر جن اقدامات پر عملدرآمد کیا اس کے ثمرات اب نظر آرہے ہیں اور یقینی طور پر اس برسات کے موسم میں صوبے بالخصوص کراچی کی عوام کو زحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ وزیر بلدیات سندھ کے مطابق حکومت سندھ اپنے تمام فیصلوں اور اقدامات کا فیصلہ براہ راست عوام کو پہنچانا چاہتی ہے اور اس مقصد کی تکمیل کی خاطر کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔