وفاقی کابینہ نے موٹرویز اور ایئرپورٹس گروی رکھنے کی منظوری دے دی

209

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وفاقی کابینہ نے موٹرویز اور ائرپورٹس کو گروی رکھنے کی منظوری دے دی۔ریکارڈ پیدوار کے باوجودہ 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔منگل کو وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 17 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔جس میں سرکاری املاک کے عوض ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل سکوک بانڈز جاری کرنے کی منظوری، وفاقی کابینہ چیئرمین پی آئی اے کی تعیناتی، ونڈ پاور منصوبے کے لیے منگوائی گئی کرینوں کی پوسٹ شپمنٹ انسپیکشن کا معاملہ، اسلام آباد کے زون 4 میں کثیرالمنزلہ عمارتوں کی تعمیر کی منظوری، فیڈرل گورنمنٹ امپلائز ہاوسنگ اتھارٹی کی جانب سے کارلٹن ہوٹل کراچی کی زمین کا استعمال، تجاوزات کے خلاف پبلک پراپرٹی بل 2021 ، عدالت عظمیٰ اسٹاف ہاؤسنگ کالونی کی تعمیر کی منظوری اور لکسمبرگ کے ساتھ دہری شہریت کا معاملہ شامل تھا۔کابینہ نے ممنوعہ اسلحہ کے لائسنس کے اجرا کامعاملہ موخر کردیا ہے۔کابینہ نے پبلک پراپرٹی انکروچمنٹ بل 2021کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے عدالت عظمیٰ اسٹاف ہاؤسنگ کالونی کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ،اس کے علاوہ عاصم رؤف کی بطور چیئرمین ڈریپ مدت ملازمت میں 3 ماہ کی توسیع کی گئی ہے جب کہ اسلم خان کو پی آئی اے کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔اجلاس میں دیامر بھاشا ڈیم کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعیناتی کی بھی منظوری دی گئی۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے مہنگائی کے خاتمے کے لیے مزید ٹھوس اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ غریب طبقے کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحی ہے،مہنگائی سے غریب طبقہ شدید متاثر ہوا ہے جس کا احساس ہے ،حکومت کی پوری توجہ مہنگائی کے خاتمے پر ہے تا کہ غریب عوام کو2 وقت کی روٹی آسانی سے میسر ہو سکے ۔عمران خان نے حکام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ ملک بھر میں اشیاء خورونوش کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔