اورنگی اور گجر نالہ متاثرین کی داد رسی کے بجائے پولیس تشدد شرمناک ہے،حافظ نعیم

237
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم نسلہ ٹاور کے متاثرین کیساتھ میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے بلاول ہائوس جانے والے اورنگی نالے اور گجر نالے کے متاثرین پر پولیس تشدد، لاٹھی چارج اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرین کی داد رسی کرنے اور مسائل حل کرنے کے بجائے ان پر تشدد انتہائی افسوسناک اور شرمناک ہے ، متاثرین اپنے مسائل کے حل اور انصاف کے حصول کے لیے حکمرانوں کے پاس نہیں جائیں تو اور کہاں جائیں ؟ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ شہر میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے جماعت اسلامی نسلہ ٹاور ،الہ دین پارک، اورنگی و گجر نالے سمیت تمام متاثرین کے ساتھ ہے اور ہمارا واضح اور دوٹوک موقف ہے کہ کسی بھی رہائشی یا تجارتی و کاروباری متاثرین کو معاوضہ اور متبادل دیے بغیر ہرگز بے دخل نہ کیا جائے ، روزگار اور رہائش سے محروم کرنا بنیادی انسانی حقوق کے خلاف ہے ۔ غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے ساتھ اُن عناصر اور متعلقہ ذمے داران کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور جن کی سرپرستی اورملی بھگت سے یہ تجاوزات قائم ہوئی ہیں ۔ یہ ساری تعمیرات اور تجاوزات ایک دن میں اچانک نہیں ہو گئیں بلکہ عرصہ دراز سے شہر قائد میں یہ عمل جاری ہے جس میں سندھ حکومت ، بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ان کے متعلقہ ادارے اور اتھارٹیز برابر کی شریک ہیں۔ جن لوگوں کے پاس لیز اور دیگر دستاویزات موجود ہیں تو وہ ان حکومتی محکموں نے ہی ان کو دی ہیں ۔ اس لیے جن لوگوں نے اپنی جمع پونجی لگائی ہے اور جو برسوں سے رہائش اختیار کیے ہوئے ہیں اور کاروبار کر رہے ہیں ان کو یکدم بے دخل کردینا آئین و قانون اور انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے ، حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی میں تجاوزات کے خلاف عدالتی احکامات پر کافی دنوں سے کارروائیاں جاری ہیں لیکن اس دوران کسی ایک جگہ بھی ان تجاوزات کے قیام میں ملوث عناصر اور ذمے داران کو نہ سامنے لایا گیا اور نہ ان میں سے کسی ایک کے خلاف بھی کوئی کارروائی کی گئی اس لیے یہ یکطرفہ عمل کراچی کے باشندوں کے ساتھ سراسر ظلم و انصافی ہے اسے بند ہونا چاہیے ۔