سائنو ویک کی مزید 20لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ گئیں

369

اسلام آباد: چین سے سائنو ویک کی مزید 20لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ گئیں اور چینی ویکسین کی یہ کھیپ خصوصی طیارے میں پاکستان لائی گئی ہے جبکہ کورونا ویکسین کی نئی کھیپ کی آمد سے ملک بھر میں ویکسی نیشن میں اضافہ ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق  چین سے سائنو ویک کی مزید 20لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ گئیں ہیں اور  چینی ویکسین کی کھیپ قومی ائر لائن (پی آئی اے) کی خصوصی پرواز سے پاکستان لائی گئی ہے جبکہ کورونا ویکسین کی یہ خوراکیں ملک بھر کے تمام ویکسی نیشن سینٹرز میں تقسیم کی جائیں گی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کے مطابق سائنو ویک ویکسین چین سے خریدی گئی ہے اور ویکسین کی خوراکیں اسلام آباد لائی گئیں ہیں اور این ڈی ایم اے عالمی مارکیٹ سے ویکسین کی خریداری کے معاملات کو دیکھ رہا ہے۔

این سی او سی نے بتایا کہ عالمی مارکیٹ سے این ڈی ایم اے اور این سی او سی کے زیر اہتمام ویکسین کی خریداری کر رہا ہے اور اب یہ ویکسین ملک بھر کے ویکسی نیشن مراکز میں پہنچائی جائیں گی۔

این سی او سی کے مطابق ویکسین کو ویکسی نیشن مراکز تک پہنچانے کے انتظامات کیے جاچکے ہیں، مزید ویکسین آنے کے بعد اب یومیہ ویکسی نیشن میں خاطرخواہ اضافہ ہوگا۔

دوسری جانب کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں آج بھی مزید 39 اموات اور930 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ کورونا سے پاکستان میں اموات کی مجموعی تعداد 22 ہزار73 اور مثبت کیسز کی تعداد9لاکھ 50 ہزار768ہوگئی ہے۔