ملک بھر میں ایل پی جی کی قیمت میں پھر اضافہ کردیا گیا

284

اسلام آباد: ایل پی جی (مائع پیٹرولیم گیس) مارکیٹنگ کمپنیوں نے ایک بار پھر گھریلو اور کمرشل سلنڈر کی قیمتوں میں 6 روپے 9 پیسے فی کلو اضافہ کر ديا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق  ملک میں مائع پیٹرولیم گیس کی طلب کے مقابلے میں رسد میں 1 لاکھ ٹن کی کمی سے ایل پی جی کی قیمت میں ایک بار پھر سے اضافہ کیا گیا ہے۔

ایل پی جی انڈسٹری وڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ ملک میں ایل پی جی کی طلب 1 لاکھ 60 ہزار ٹن ہے جبکہ پیداوار صرف 60 ہزارٹن تک محدود ہے۔

انہوں نے کہاکہ رسد میں کمی اور بڑھتی ہوئی طلب ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا باعث ہے، جس کے بعد او جی ڈی سی ایل اور پارکو سمیت دیگر اداروں نے قیمت بڑھادی ہے جبکہ اگر فوری طور پر ایل پی جی امپورٹ نہ کی گئی تو بحران سنگین صورتحال اختیار کر جائے گا۔

عرفان کھوکھر کا مزید کہنا تھا کہ اضافے کی وجہ سے غریب صارفین کے سلنڈر میں 6 روپے 9 پیسے فی کلو کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد قیمت 156 روپے 9 پیسے    ہوگئی ہے  جبکہ  72 روپے گھریلو سلنڈر اور 276روپے کمرشل سلنڈرمیں اضافہ ہوگیا ہے۔

ان کا کہناتھاکہ ایل پی جی کی امپورٹ پر فوری ٹیکس ختم کیے جائیں، انڈسٹری وڈسٹری بیوٹرز ایل پی جی پالیسی مجریہ2021 کو تسلیم نہیں کرتے جبکہ مقامی پیداواری کمپنیوں نے من مانی قیمت وصول کرنا شروع کردی ہے۔

دوسری جانب قدرتی گیس کی سہولت سے محروم شمالی علاقہ جات بشمول گلگت میں فی کلوگرام ایل پی جی 155تا 160روپے میں فروخت ہو رہی ہے اوراگر یہی صورتحال رہی تو قیمت مزید بڑھ جائے گی۔