پی آئی اے نے کینیڈا کی پروازوں کے لیے ایس او پیزجاری کردیے

353

کراچی: قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے کینیڈا جانیوالے مسافروں کیلیے پروازسے 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ کروانا لازمی قرار دے دیا جبکہ بین الاقوامی منظور شدہ ویکسین کا سرٹیفکیٹ لازمی طور پر ساتھ رکھنے کی شرط بھی عائد کردی ہے۔

تفصیلات کے  مطابق پی آئی اے نے کینیڈا کی پروازوں کے لیے ایس او پیزجاری کردیے ہیں اور اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کینیڈا جانیوالے مسافروں کیلئے پرواز سے 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ لازمی طور پر ساتھ رکھنے کی شرط عائد کی ہے۔

قومی ایئرلائن کی جانب سے 5 سال یا اس سے زائد عمرکے مسافروں کیلیے کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کینیڈا جانے والے مسافروں کو پرواز سے قبل موبائل ایپ پر تفصیل جمع کروانا ہوگی۔

ایس او پیز کے مطابق مسافروں کو کینیڈا میں قرنطینہ کرنے سے متعلق پلان بھی ایپ پرہی درج کرنا ہوگا جبکہ طیارےمیں بیٹھنے سےقبل مسافروں کا پی آئی اے کے ڈاکٹر معائنہ کریں گے۔

دوسری جانب پی آئی اے نے کینیڈا کے لیے براہ راست پروازوں کے معاملے پر مسافروں کےکورونا ٹیسٹ سےمتعلق لیباریٹریزکی فہرست بھی جاری کردی ہے جس میں 25 مستند لیباریٹریزسے کوروناوائرس ٹیسٹ قابل قبول ہوگا۔

پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی کے 12 لیباریٹریز و اسپتالوں سے کورونا ٹیسٹ کرائے جاسکتے ہیں جبکہ  کینیڈاجانے والے مسافروں کو فلائٹ سے72  گھنٹے قبل ٹیسٹ کروانا لازمی ہوگا۔

یادرہے کینیڈین وزیر ٹرانسپورٹ نے گزشتہ روز پاکستان پر پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے  پی آئی اے کو دوبارہ براہ راست پروازیں شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

واضح رہے کینیڈا جانے والے مسافر کراچی میں لیاقت نیشنل، آغا خان، ضیا الدین، پٹیل اسپتال،  بحریہ ٹاؤن انٹرنیشنل اسپتال  جبکہ لاہور میں 3، اسلام آباد/راولپنڈی میں 8  اور ملتان میں ایک اسپتال یا لیباری سے کورونا وائرس ٹیسٹ کرواسکتے ہیں۔