ہاؤسنگ اسکیم اور کامیاب جوان پروگرام میں صحافیوں کیلئے پیکیج متعارف کرانے کا اعلان، فواد چوہدری

324

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فوادچوہدری نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم اور کامیاب جوان پروگرام میں صحافیوں کیلئے پیکیج متعارف کرانے کا اعلان کردیا ہے جبکہ جرنلسٹس پروٹیکشن بل موجودہ حکومت کا انقلابی قدم ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے پی ایف یو جے ورکرز کے صدر پرویز شوکت نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، ملاقات میں فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت صحافیوں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے جبکہ صحافیوں کو ترجیحی بنیادوں پر صحت کارڈ کی سہولت فراہم کی جائےگی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم اور کامیاب جوان پروگرام میں صحافیوں کیلئے پیکیج متعارف کرائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جرنلسٹس پروٹیکشن بل موجودہ حکومت کاانقلابی قدم ہے، بل صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کیلئے بنایا گیا ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات نے پرویز شوکت پرگزشتہ دنوں فائرنگ کے واقعےکی مذمت کرتے ہوئے واقعے سے متعلق آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

یاد رہے گذشتہ ماہ وفاقی وزیر وزیر اطلاعات نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ صحافیوں کیلئے وزیراعظم ہاؤسنگ پراجیکٹ سے گھر، صحت کارڈدیں گے اور تنخواہوں کی ادائیگی لازمی کرنے کیلئے قانون سازی کے ساتھ ساتھ انشورنس لارہے ہیں، پریس کلب کو سہولتیں دینا بھی میری پالیسی ہوگی، ڈیجیٹل میڈیا کو مکمل سپورٹ دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ فلم اورڈرامہ کی بحالی پہلی ترجیح ہے، سرسید احمد خان، ٹیپو سلطان کی زندگیوں پر پروڈکشن کا کام شروع کیا جارہا ہے، نوجوان ڈرامہ اور فلم سازوں کو 5 کروڑروپے تک قرضےکی سہولت دیں گے۔