لاک اپ میں ملزم کی مبینہ خودکشی پر ایف آئی اے کے 4 اہلکار معطل

137

اسلام آباد: ایف آئی اے کی زیر حراست ملزم کی مبینہ خودکشی کرنے پر 4 اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔

وفاقی تحقیقات ادارے نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف آئی اے لاک اپ میں ملزم کی مبینہ خودکشی کا واقعہ پیش آیا، شواہد کے مطابق ملزم نے ازاربند استعمال کر کے خودکشی کی ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق معاملے کی جوڈیشل انکوائری کے لیے سیشن جج اسلام آباد کو درخواست دے دی ہے، وقوعہ کی علاقہ مجسٹریٹ کو بھی اطلاع دی گئی جنہوں نے موقع پر جاکر جائزہ لیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تمام شواہد اکٹھے کر کے لاش مزید کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھیج دی گئی، ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد نے اطلاع پر فوری طور پر 4 اہلکاروں کو معطل کردیا۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے لیے ایڈیشنل ڈی جی نارتھ ابو بکر خدابخش کی سربراہی میں 3 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی، کمیٹی کو ایک ہفتہ کے اندر تمام حقائق کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی گئی۔