لاوارث اور تشدد کے شکار بچوں کے لیے ہاسٹل کا سنگ بنیاد

89

راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر) چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے مندرہ میں چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ 22 کروڑ 30 لاکھ روپے کی لاگت سے یہ عمارت 2023ء تک مکمل ہو جائے گی اور اس میں لاوارث اور تشدد کے شکار 200 بچوں اور بچیوں کی رہائش کے لیے الگ الگ ہاسٹل قائم کیے جائیں گے۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی عمارت کا سنگ بنیاد وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزادر کی ہدایت پر رکھا گیا ہے اور چائلڈ پروٹیکشن کے یونٹس بہت جلد صوبہ کے 3 اضلاع میں قائم کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ اسٹیٹ آف دی آرٹ ادارہ ہو گا اور اس میں ایک اسکول کے علاوہ بچے بچیوں کو ہنر سکھانے کا بھی بندو بست کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تشدد اور ظلم کے شکار بچوں اور بچیوں کی اذیت لفظوں میں بیان نہیں ہو سکتی اور یہ ریاست کی ذمے داری ہے کہ ان کی مصیبتوں کا ازالہ کرے اور معاشرے کا بہترین فرد بنانے کی کوشش کرے۔