ملک و قوم کیلیے بینظیر بھٹو کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا

241

جھڈو(نمائندہ جسارت) پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی میر طارق خان تالپر نے کہاہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی ملک و قوم کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں، قومی وحدت اور یکجہتی کی علامت پیپلز پارٹی جب بھی اقتدار میں آئی ہے ملک کی معیشت مستحکم، سیاسی رواداری میں اضافہ اور ملک نے ترقی کے منازل طے کیے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جھڈو کے حریم گارڈن میں محترمہ بینظیر بھٹو کی 68 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی تعلقہ جھڈو کے صدر نیاز بھمبھرو،جنرل سیکرٹری محبوب لغاری،پی پی جھڈو سٹی کے صدر میر عرفان تالپر،سابق چیئرمین جھڈو حاجی اسلم قائم خانی، سابق چیئرمین نوکوٹ بابو سہیل قائم خانی نے بھی خطاب کیا ۔جبکہ اس موقع پر سابق وائس چیئر مین جھڈو میر کامران تالپور، تعلقہ انفارمیشن سیکرٹری سجاد لاشاری،جھڈو سٹی کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری عمران سردار ناگوری، سہیل ہاشم میمن،غلام رسول کھوسو و دیگر بھی سالگرہ کی تقریب میں موجود تھے۔تقریب میں محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔اس موقع پر میر طارق خان تالپور نے کہاکہ جھڈو کیلیے ترقیاتی کاموں کے پیکیج کا بہت جلداعلان کیاجائے گا دیگر مقررین نے بے نظیر بھٹو شہید کی سیاسی خدمات اور بھٹو خاندان کے سیاسی کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ محترمہ پاکستان ہی نہیں بلکہ عالم اسلام کی لیڈر تھیں پوری دنیا میں محترمہ کے سیاسی، پارلیمانی اور حکومتی کرادر کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے بھٹو خاندان نے ملک کیلیے بے پناہ قربانیاں پیش کی ہیں۔