لاڑکانہ ، فرائض میں غفلت برتنے پر دو ایس ایچ او معطل

135

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ عمران قریشی نے اختیارات کے ناجائز استعمال، ناقص کارکردگی اور فرائض میں غفلت برتنے پر دو ایس ایچ اوز کو معطل کرکے تقرریاں اور تبادلے کیے ہیں، ایس ایس پی کے مطابق معطل ہونے والوں میں ایس ایچ او ڈوکری سب انسپکٹر علی حیدر ملانو اور ایس ایچ او ہٹڑی غلام شاہ سب انسپکٹر سکندر علی سوہو شامل ہیں جبکہ تھانہ رشید وگن سے سب انسپکٹر غلام سرور گوندل کو ایس ایچ او ڈوکری تعینات کردیا گیا ہے۔ پولیس لائن سے انسپکٹر علی حسن ابڑو کو ایس ایچ او پولیس رشید وگن تعینات کرکے ایس ایچ او کنگا سب انسپکٹر علی مراد کھوسو کو پولیس لائن رپورٹ کرادیا گیا ہے جبکہ پولیس لائن سے سب انسپکٹر محمد ابراہیم بروہی کو ایس ایچ او کنگا تعینات کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔ دوسری جانب لاڑکانہ پولیس کی رتوڈیرو میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی، منشیات فروشی میں ملوث دو پولیس اہلکار گرفتار، چار کلو چرس برآمد، ایس ایس پی نے اہلکاروں کو معطل کرکے شوکاز نوٹس جاری کردیے۔ رتوڈیرو پولیس نے شہدادکوٹ روڈ پر دوران چیکنگ دو پولیس اہلکاروں ملزم ریاض سانگی اور ملزم انعام کلہوڑو کو دو دو کلو چرس سمیت گرفتار کرکے دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ رتوڈیرو پر مقدمہ درج کرکے تفتیش کا دائرہ وسیع کردیا ہے۔ دوسری جانب ایس ایس پی لاڑکانہ عمران قریشی نے دونوں پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے معطل کرنے کے احکامات کے ساتھ شوکاز نوٹس بھی جاری کردیے ہیں۔